پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی ،6کروڑ 15لاکھ سے زائد مالیت کا ایکسپائر بدبودار چکن تلف

60ہزار کلو ایکسپائر ریڈی ٹو کک فروزن چکن، 400 کلو فنگس زدہ سپائسز ،سبزیاں تلف کیا گیا 10لاکھ جرمانہ عائد کر کے مقدمہ درج کر کے 2ملزمان گرفتار کر ادئیے‘ کارروائی ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی قیادت میں کی گئی

اتوار 21 ستمبر 2025 13:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2025ء)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 60ہزار کلو ایکسپائر ریڈی ٹو کک فروزن چکن، 400 کلو فنگس زدہ سپائسز اورسبزیاں تلف کر دی جبکہ جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے پر 10لاکھ جرمانہ عائد کر کے مقدمہ درج کر کے 2ملزمان گرفتار کر ادئیے ۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کے ہمراہ فیروز والا میں کولڈ سٹور پر کریک ڈائون کیا ۔

کارروائی کے دوران 6کروڑ 15لاکھ سے زائد مالیت کا ایکسپائر بدبودار چکن تلف کیا گیا۔ ڈ ی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق بدرنگ بدبودار مضر صحت چکن میٹ اینڈ پروڈکٹس کولڈ سٹور میں رکھا گیا تھا، ایکسپائر اور فریش سٹاک کو ایک ہی ریک میں اکٹھا سٹور کیا گیا تھا، سٹور کی گئی پروڈکٹس پر لیبل عدم موجود تھے ، ایکسپائر پروڈکٹس کو فریش سپلائی کے ساتھ ملا کر سپلائی کیا جا رہا تھا۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران ایکسپائر کڑاہی بوٹی، گردن، چکن تکہ بوٹی، چکن فجیتا، کلیجی،کباب تلف کے گئے۔ عاصم جاوید کے مطابق ناقص میٹ معروف فوڈ چینز، مارٹس اور بڑے ریسٹورنٹس پر سپلائی کیا جانا تھا۔صفائی کے ناقص انتظامات کے ساتھ سٹوریج ایس او پیز کی خلاف ورزی اور اورمرے چوہے پائے گئے، چکن میرینشن کے لیے ایکسپائر مصالحہ جات،چکن پائوڈر استعمال کیا جارہا تھا۔

ڈ ی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ تلف کردہ گوشت کا کھانے میں استعمال انسانی صحت کیلئے مضر ثابت ہو سکتا تھا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے تحت بر وقت کارروائی کر کے انسانی صحت سے کھیلنے والوں کو بے نقاب کیا۔غذائی دہشتگردوں کے لیے قانون سخت کیا جارہا ہی؛ خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائے گا، خوراک کا کاروبار کرنے والے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مقرر کردہ قوانین پر عمل درآمد یقینی بنائیں ۔