نظریہ الحاقِ پاکستان پر کوئی سمجھوتہ نہیں، پاکستان اور افواجِ پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، سمعیہ ساجد

فیڈرل مارشل سید عاصم منیر نے مسئلہ کشمیر کو نئی روح بخشی، کشمیری عوام ہر فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں،چند سو عناصر پاکستان اور فوج کے خلاف سازش میں مصروف، کامیاب نہیں ہوں گے، میڈیا سے گفتگو

اتوار 21 ستمبر 2025 14:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2025ء)مرکزی چیئرپرسن مسلم کانفرنس خواتین ونگ و چیئرپرسن کشمیر ویمن الرٹ فورم(کواف) محترمہ سمعیہ ساجد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام نے ہمیشہ یہ ثابت کیا ہے کہ ان کی آخری منزل پاکستان ہے اور وہ نظریہ الحاقِ پاکستان پر کسی قسم کے سمجھوتے کے روادار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان اور افواج پاکستان کے ساتھ اس عزم و حوصلے کے ساتھ کھڑے ہیں جیسے چٹان ہر طوفان کے سامنے ڈٹ جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیڈرل مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو ایک نئی روح بخشی گئی ہے، جس سے نہ صرف پاکستان کے اندر بلکہ آڑ پار کے کشمیری بھی بے حد متاثر اور مطمئن ہیں۔آج کشمیری عوام یہ محسوس کرتے ہیں کہ پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت نے مسئلہ کشمیر کو دوبارہ عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی سنجیدہ کوششیں تیز کر دی ہیں۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ کشمیری عوام ہر فیصلے اور ہر اقدام میں پاکستان کی قیادت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں،سمعیہ ساجد نے کہا کہ یہ چند سو لوگ کشمیری عوام کی اصل نمائندگی نہیں کرتے۔

ان کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ عوام کا دل صرف پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ پاکستان اور افواج پاکستان کے خلاف ہر سازش ناکام ہوگی اور عوام اپنی محبت اور وفاداری کا عملی ثبوت ہمیشہ دیتے رہیں گے۔سمعیہ ساجد نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے شہداء کی قربانیوں کو نہیں بھول سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء نے پاکستان کے نام پر اپنی جانیں قربان کیں، ہماری ماؤں نے اپنے لختِ جگر اس نظریے کی بقا کے لیے پیش کیے، اور ہمارے بزرگوں نے ہجرت کے کٹھن مراحل اسی امید پر جھیلے کہ ایک دن کشمیر کا مستقبل پاکستان سے وابستہ ہوگا۔

ایسے میں یہ کیسے ممکن ہے کہ کوئی بھی کشمیری پاکستان اور افواج پاکستان کے خلاف ہونے والی کسی سازش کو برداشت کری انہوں نے واضح کیا کہ الحاق پاکستان کشمیری عوام کا اجتماعی فیصلہ ہے اور اس میں کسی قسم کی گنجائش یا متبادل سوچ کی کوئی جگہ نہیں۔یہ ہمارا ایمان اور عقیدہ ہے کہ پاکستان ہی کشمیری عوام کی منزل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم ہر پلیٹ فارم پر اس موقف کو دہراتے ہیں اور دہراتے رہیں گے،انھوں نے مزید کہا کہ وہ عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام کی جدوجہد کو تسلیم کرے اور بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو یہ سمجھنا ہوگا کہ کشمیری عوام نہ صرف بھارتی قبضے کو مسترد کرتے ہیں بلکہ ہر حال میں پاکستان کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ ہماری منزل پاکستان ہے اور اس نظریے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کل ہوا، نہ آج ہوگا، نہ کبھی ہوسکتا ہے۔