وزیراعلی سندہ کے معاون خاص برائے اقلیتی امور لال چند اکرانی کا ٹنڈوآدم میں جھولے لال مندر کا دورہ

اتوار 21 ستمبر 2025 15:00

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) وزیراعلی سندہ کے معاون خاص برائے اقلیتی امور اور پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے اقلیتی ونگ کے صدر لال چند اکرانی نے ٹنڈوآدم میں جھولے لال مندر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے مندر کے لیے منظور شدہ اسکیم کا افتتاح کیا اور مزید نئے منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے مندر میں قائم لائبریری، روزانہ چلنے والی کلینک کا معائنہ کرتے ہوئے اڈیرو لال ویلفیئر پنچائت کی سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

لال چند اکرانی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ اس موقع پر ہندو ویلفیئر پنچائت ٹنڈو آدم اور اڈیرو لال ویلفیئر پنچائت کی جانب سے صوبائی وزیر کا روایتی انداز میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔ انہیں لونگی اور ہار پہنائے گئے جبکہ یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ تقریب میں بابا راج کمار، گلاب رائے، رمیش کمار، سیٹھ ٹیکم داس، اشوک لیماڻي، دلیپ گوکلائی، ساحل کتري سمیت دیگر معزز شخصیات بھی شریک ہوئیں۔ بعد ازاں انہوں نے گائوں سنجر جونیجو پہنچ کر سابق ایم این اے مرحوم روشن الدین جونیجو کی وفات پر ان کے صاحب زادے ایم این اے صلاح الدین جونیجو سمیت دیگر سے افسوس کا اظہار کیا۔