ٴْپی آر پی ڈبلیو اے کی ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس، الیکشن پلان اور آؤٹ ریچ اقدامات کا جائزہ

:الیکشن کمیشن اگلے ماہ کے اجلاس میں انتخابات کا تفصیلی پلان پیش کرے گا، پولنگ کی تاریخ کا باضابطہ اعلان بھی شامل ہوگا

اتوار 21 ستمبر 2025 20:20

cلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2025ء) پبلک ریلیشنز پریکٹیشنرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (پی آر پی ڈبلیو ای) پنجاب کی ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس گلبرگ تھری لاہور کے مقامی ہوٹل میں جنرل سیکرٹری کرامت علی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں تنظیم کے آئندہ جنرل انتخابات کی تیاریوں، رکنیت میں توسیع اور ڈیجیٹل آؤٹ ریچ اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن کمیشن اگلے ماہ کے اجلاس میں انتخابات کا تفصیلی پلان پیش کرے گا، جس میں پولنگ کی تاریخ کا باضابطہ اعلان بھی شامل ہوگا۔ سکروٹنی کمیٹی کے سربراہ عابد سعید نے اپنی رپورٹ پیش کی جسے ممبران نے سراہا اور کمیٹی کی جانب سے منتخب کردہ امیدواروں کی فہرست متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

(جاری ہے)

جنرل سیکرٹری کرامت علی نے اس موقع پر شفاف اور جامع انتخابات کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پی آر پروفیشنلز کے کردار کو مزید مستحکم کرنے کے لیے انہیں ایک فعال پلیٹ فارم فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ ایگزیکٹو باڈی نے یہ بھی طے کیا کہ معاون اداروں اور کارپوریٹ کلائنٹس کو اعزازی رکنیت دی جائے گی جبکہ ریٹائرڈ پبلک ریلیشنز پروفیشنلز کو لائف ٹائم ممبرشپ دی جائے گی۔ ڈیجیٹل موجودگی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے صدر پی آر پی ڈبلیو اے، اطہر حسن اعوان نے ایسوسی ایشن کی آفیشل ویب سائٹ کے قیام کے لیے اسپانسرشپ کا اعلان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دورِ ابلاغ میں ڈیجیٹل موجودگی ناگزیر ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو فعال بنا کر ہم ملک بھر کے پی آر پروفیشنلز کو ایک دوسرے سے جوڑ سکیں گے۔ اجلاس میں ایک رجسٹریشن ڈرائیو کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو بانی اراکین کی مشاورت سے فعال پبلک ریلیشنز پروفیشنلز کا ڈیٹا بیس مرتب کرے گی۔ اس سلسلے میں جنرل سیکرٹری اور فنانس سیکرٹری مل کر ایک تعارفی بروشر تیار کریں گے جو اگلے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

ایگزیکٹو باڈی کا اگلا اجلاس 11 اکتوبر 2025 کو منعقد ہوگا۔ اجلاس کے دوران مرحوم مہر عبدالرؤف کے بڑے بھائی، جنرل سیکرٹری کرامت علی کے خالو اور ڈاکٹر خرم شہزاد کی خالہ کی وفات پر ایگزیکٹو باڈی نے فاتحہ خوانی کی اور مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ اجلاس میں شریک معزز ارکان میں ڈاکٹر سید ندیم الحسن گیلانی، ڈاکٹر مصطفی کمال، اطہر حسن اعوان، عابد سعید، سید اعجازالحسین، ڈاکٹر خرم شہزاد، افتخار رسول، سید علی بخاری، ذوالفقار علی چوہدری، شوکت علی، لبنیٰ بابر، کامران ملک، علی رضا، مہر عبدالرؤف، کرامت علی اور محمد شعیب ہاشمی شامل تھے۔