ی*محکمہ آثار قدیمہ پنجاب کا بھیرہ قدیم شہر کے تحفظ اور ترقی کیلئے جامع منصوبہ شروع

ٰمنصوبہ سے پنجاب میں ثقافتی سیاحت کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور پنجاب کی تہذیبی شناخت اجاگر ہوگی

اتوار 21 ستمبر 2025 20:20

_ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2025ء) محکمہ آثار قدیمہ پنجاب نے بھیرہ قدیم شہر کے تحفظ اور ترقی کے لیے ایک جامع منصوبہ شروع کیا ہے۔ منصوبے میں قدیم فصیل کی حفاظت، تاریخی دروازوں کی بحالی، شہری ڈھانچے کی بہتری اور سیاح دوست سہولیات شامل ہیں تاکہ بھیرہ کی ثقافتی شناخت اور اصل ورثہ برقرار رہ سکے۔ یہ منصوبہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کی عکاسی کرتا ہے جنہوں نے ورثہ کے تحفظ کو ثقافتی فخر اور سیاحت پر مبنی ترقی سے جوڑنے پر زور دیا ہے۔

اس منصوبے کو سینئر وزیر پنجاب محترمہ مریم اورنگزیب کی ہدایات کی روشنی میں عالمی معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔ سابق ڈائریکٹر محمد حسن نے کہا کہ بھیرہ برصغیر کی قدیم ترین بستیوں میں سے ایک ہے اور اس کا تحفظ محض آثار قدیمہ کو بچانے کا عمل نہیں بلکہ ایک زندہ تہذیب کو دوبارہ زندہ کرنے کی کوشش ہے۔

(جاری ہے)

سابق ڈائریکٹر ملک مقصود نے کہا کہ دروازوں، مساجد اور رہائشی خطوں کی بحالی سے نہ صرف ورثہ محفوظ ہوگا بلکہ مقامی کمیونٹی کو پائیدار سیاحت کے ذریعے فائدہ بھی ملے گا۔

محکمہ آثار قدیمہ نے کہا کہ منصوبہ مکمل شفافیت، ماہرین کی رہنمائی اور عالمی معیار کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔ اس سے پنجاب میں ثقافتی سیاحت کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور پنجاب کی تہذیبی شناخت اجاگر ہوگی۔ محکمہ آثار قدیمہ پنجاب کا عزم ہے کہ تاریخی شہروں اور مقامات کو محفوظ بنا کر آئندہ نسلوں تک منتقل کیا جائے۔