خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی پشاور میں کارروائی،ممنوعہ چائناسالٹ کی بھاری مقدار برآمد

اتوار 21 ستمبر 2025 21:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے گذشتہ روز پشاور کے علاقے پیپل منڈی میں کارروائی کرتے ہوئے ممنوعہ چائنا سالٹ کی بھاری مقدار برآمد کر لی۔ ترجمان نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ خفیہ اطلاع ملنے پر فوڈ سیفٹی ٹیم ٹاؤن -4 نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی نگرانی میں گاڑی اور گودام پر چھاپہ مارا، جس کے دوران 975 کلوگرام (39 تھیلے) ممنوعہ چائنا سالٹ قبضے میں لے لیا گیا۔

(جاری ہے)

فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق مالکان کے خلاف فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مزید کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیر خوراک خیبرپختونخوا ظاہرشاہ طورو نے فوڈ اتھارٹی ٹیم کو کامیاب کارروائی پر سراہا اور ہدایت کی کہ ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔ ظاہر شاہ طورو نے عوام سے اپیل کی کہ مضر صحت اور غیر معیاری خوراک کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف اطلاع فوری طور پر فوڈ اتھارٹی کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔