کراچی ایکسپو سینٹر میں آئی ٹی سی این ایشیا نمائش کل سے شروع ہو گی

پیر 22 ستمبر 2025 16:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) تین روزہ آئی ٹی سی این ایشیا نمائش (کل) منگل 23 ستمبر سے شروع ہو گی جو 25 ستمبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری رہے گی،یہ نمائش پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے مستقبل کی ضمانت ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایس آئی ایف سی کی معاونت سے وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام کے منصوبے ٹیک ڈیسٹی نیشن پاکستان کے تحت تین روزہ نمائش کا (کل )منگل سے آغاز ہو گا۔

نمائش کی افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ شرکت کریں گی۔ ایونٹ عالمی سطح پر پاکستان کو جدید آئی ٹی اور ٹیلی کام ہب کے طور پر روشناس کرائے گا۔ نمائش میں برطانیہ، ترکیہ، آذربائیجان، سعودی عرب، چین، امریکہ اور دیگر ممالک کے وفود شریک ہوں گے۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال آئی ٹی سی این ایشیا میں 500 ملین ڈالر کے معاہدے طے پائے تھے۔

اس سال اہم معاہدوں کے ساتھ ساتھ بالخصوص ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا۔ کانفرنس میں ای۔کامرس، فِن ٹیک، اے آئی اور سائبر سکیورٹی کے جدید حل پیش کئے جائیں گے۔ آئی ٹی سی این ایشیا ہائبرڈ ماڈل کے تحت ورچوئل اور فزیکل رسائی کا امتزاج فراہم کرے گی ۔ عالمی ٹیک رہنما اور سرمایہ کار پاکستان کی نئی سٹارٹ اپ کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کریں گے۔ 'ڈیجیٹل پاکستان' کے وژن کے تحت آئی ٹی سیکٹر نوجوانوں کے روزگار میں اضافے کے لئے کوشاں ہے۔