پاکستان کا بچہ بچہ سعودی عرب ، حرمین شریفین سے والہانہ محبت رکھتا اور اس کے دفاع کو اپنی سعادت سمجھتا ہے،قاری محمدعثمان

پیر 22 ستمبر 2025 18:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2025ء)جمعیت علما اسلام سندھ کے نائب امیر قاری محمد عثمان نے مملکتِ سعودیہ عربیہ کے یومِ الوطنی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہیں، پاکستان کا بچہ بچہ سعودی عرب اور حرمین شریفین سے والہانہ محبت رکھتا ہے اور اس کے دفاع کو اپنی سعادت سمجھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والا دفاعی معاہدہ پوری دنیا کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک کو نہ صرف عسکری تعاون اور سلامتی کے نئے دور میں داخل کر رہا ہے بلکہ عالمی برادری کو یہ پیغام بھی دے رہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کا اتحاد امتِ مسلمہ کے دفاع کی مشترکہ ضمانت ہے۔

(جاری ہے)

یہ معاہدہ اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ دونوں ممالک کسی بھی خطرے کے مقابلے میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

قاری محمد عثمان نے کہا کہ 23 ستمبر سعودی عرب کا یوم الوطنی ہے، جو نہ صرف ایک عظیم اسلامی مملکت کا قومی دن ہے بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے دل کی دھڑکن ہے۔ سعودی عرب ہر مسلمان کا روحانی مرکز ہے اور اس کے امن و استحکام کے لیے ہر کلمہ گو دل سے دعاگو رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات ہمیشہ ایمان، اخوت اور ایثار کی بنیاد پر قائم رہے ہیں۔

قیامِ پاکستان کے بعد سب سے پہلے جس ملک نے پاکستان کو تسلیم کیا وہ سعودی عرب تھا، اور یہی اخوت آج بھی اپنی مضبوط ترین شکل میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی پاکستان کے ساتھ خلوص پر مبنی دوستی دنیا کی بہترین مثال ہے۔ بحیثیت پاکستانی ہم پر لازم ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ اس رشتے کو مزید مضبوط بنائیں، کیونکہ یہی اخوت ہماری قوت اور ہمارے دفاع کی ضمانت ہے۔

قاری محمد عثمان نے مزید کہا کہ 1932 میں سعودی عرب کا قیام اسلام کی سربلندی کے عنوان سے ہوا اور 1947 میں پاکستان بھی کلمے کی بنیاد پر دنیا کے نقشے پر نمودار ہوا۔ دونوں مملکتیں اپنے قیام کے آغاز ہی سے اسلامی اخوت اور باہمی اعتماد کی مضبوط ڈور میں بندھ گئیں۔ سعودی عرب نے سب سے پہلے پاکستان کو تسلیم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا وہ سفر شروع ہوا جو آج تک قائم و دائم بلکہ مزید مضبوط ہوگیا ہے۔ قاری محمد عثمان نے سعودی قیادت اور عوام کو یوم الوطنی کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا یہ روحانی، برادرانہ اور دفاعی رشتہ ان شا اللہ تا قیامت قائم و دائم رہے گا۔