Live Updates

موجودہ حکمران عوام دشمن پالیسیوں کے ذریعے ملک کو تباہی کے دہانے پر لے آئے ہیں ،سردار عبدالرحیم

پیر 22 ستمبر 2025 18:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2025ء)گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی ای)کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران عوام دشمن پالیسیوں کے ذریعے ملک کو تباہی کے دہانے پر لے آئے ہیں،۔ مہنگائی کی بدترین لہر نے غریب عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے ، جبکہ آئے روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی زندگی اجیرن بنا رہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان ڈسٹرکٹ ویسٹ کے سرگرم علاقائی ذمیوار گلریز احمد خان امام دین خاصخیلی محمد مزمل عمران اللہ تقوی عمران خان اور دیگر رہنماؤں نے سردار عبدالرحیم سے فنکشنل لیگ ہاس کراچی میں ملاقات کرکے فنکشنل لیگ کے سربراہ پیر صاحب پگارا کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے شمولیت اختیار کی سردار عبدالرحیم نے فنکشنل لیگ میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کراچی کے حالات بدلنے کے لیے سیاسی جدوجہد کر رہی ہے ہم ایک عرصے سے اپوزیشن میں ہیں مگر ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہم کراچی کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور شہر سے نفرت کی سیاست کا مکمل خاتمہ کردیں گے سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ ہاریوں سے گندم اونے پونے دام خریدی گئی ، لیکن آج آٹا ڈیڑھ سو روپے فی کلو سے زائد میں فروخت ہورہا ہے ۔

(جاری ہے)

چینی کی قیمت آسمان کو چھو رہی ہے ، نوجوانوں پر روزگار کے دروازے بند ہو چکے ہیں ، کاروباری طبقہ شدید نقصان میں ہے اور نوجوان بے روزگاری کے باعث مایوسی کا شکار ہیں ۔سردار عبدالرحیم نے کہا کہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور اب اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا ۔ عوام بجلی ، پانی اور گیس جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں ، اسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولت ناپید ہوچکی ہے اور تعلیمی ادارے بدترین زبوں حالی کا شکار ہیں ۔

انہوں نے سندھ بھر کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام انتہائی کرب اور مایوسی کی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں۔ تباہ حال سڑکیں ، برباد نکاسی آب کا نظام ، پانی کی قلت اور زرعی شعبے کی بربادی کے باعث ہزاروں خاندان مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں ، لیکن حکمران عوامی مسائل کو حل کرنے کی جگہ اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں ۔سردار عبدالرحیم نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عوام ان ناکام اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات حاصل کریں اور اپنے بنیادی حقوق کے لیے جدوجہد کریں ۔

انہوں نے یقین دلایا کہ ہر قدم پر جی ڈی اے اور فنکشنل لیگ عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی اس موقع پر فنکشنل لیگ سندھ کے آرگنائزنگ سیکریٹری عبدالکریم شر ، کراچی زون رابطہ کمیٹی کے کنوینر ارمان فیاض فنکشنل لیگ ڈسٹرکٹ ویسٹ کے صدر رضا خان اور دیگر رہنما موجود تھے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات