سردار منطوراحمد محمدحسنی کے بیٹے کے اغواء کیخلاف مظاہرین نے پاک ایران شاہراہ ٹریفک کیلئے بند کردی

پیر 22 ستمبر 2025 18:29

دالبندین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2025ء) سردار منظور احمد محمد حسنی کے صاحبزادے سفیر جان کے اغواء کے خلاف چھتر کراس پوائنٹ پر پہیہ جام ہڑتال کی گئی۔ اس دوران مظاہرین نے پاک ایران شاہراہ کو بند کردیا، جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی اور آنے جانے والی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

(جاری ہے)

اطلاع ملتے ہی پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی کونسل کے رکن، خان پینل کے سینئر رہنما اور ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین میر اسفندیار خان یار محمد زئی، ایس پی چاغی عثمان سدوزئی کی ہدایت پر ڈی ایس پی چاغی عابد شیرزئی کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور مظاہرین سے مذاکرات کیے۔

ان کی کوششوں سے احتجاج کو پرامن طور پر ختم کرایا گیا۔ہڑتال کے دوران معصوم بچے، خواتین اور بزرگ شدید گرمی میں سڑک پر موجود رہے تاکہ اپنے مطالبات منوا سکیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین میر اسفندیار خان یار محمد زئی اور ڈی ایس پی عابد شیرزئی نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ اس مسئلے کے حل کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی۔ یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے پرامن طریقے سے احتجاج ختم کردیا۔