وزیر اعلیٰ سندھ نے اینکرپرسن امتیاز میر پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لے لیا

پیر 22 ستمبر 2025 22:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2025ء)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے علاقے ملیر میں گزشتہ رات اینکرپرسن امتیاز میر پر ہونے والے حملے کا نوٹس لے لیا، جس میں وہ زخمی ہو گئے تھے۔سعودآباد تھانے کی جانب سے رات گئے جاری بیان کے مطابق ملیر کے علاقے کالا بورڈ میں نامعلوم مسلح افراد نے امتیاز میر کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا، بیان کے مطابق یہ ایک ٹارگٹڈ حملہ لگتا ہے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔

وزیر اعلیٰ کے ترجمان عبدالرشید چنا نے بتایا کہ مراد علی شاہ نے سینئر صحافی امتیاز میر پر قاتلانہ حملے کا نوٹس لے لیا۔انہوں نے کہاکہ واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ نے آئی جی پولیس غلام نبی میمن سے رپورٹ طلب کر لی۔ایس ایچ اوسعودآباد عتیق الرحمن نے اس ضمن میں بتایا کہ صحافی کو نجی ہسپتال کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ امتیاز میر کو دو گولیاں لگیں، جن میں سے ایک منہ پر لگی، ایس ایچ او نے کہاکہ وہ اپنی گاڑی میں سفر کر رہے تھے، جو ان کے بھائی چلا رہے تھے، اس دوران موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے کالا بورڈ کے علاقے میں انہیں نشانہ بنایاوزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے حملے کی مذمت کی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا، انہوں نے شرقی ضلع کے ڈپٹی آئی جی سے بھی رپورٹ طلب کی۔ضیا لنجارنے کہاکہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی حفاظت ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔انہوں نے پولیس کو ہدایت دی کہ حملے کی وجوہات کو بھی سامنے لایا جائے۔