میکسیکو میں لاپتہ کولمبیا کے دو موسیقاروں کی لاشیں برآمد، تحقیقات شروع

منگل 23 ستمبر 2025 12:37

میکسیکو سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) میکسیکو میں لاپتہ ہونے والے کولمبیا کے 2 موسیقاروں کی لاشیں برآمد ہو گئی ہیں۔ رائٹرز کے مطابق کولمبیا کے 31 سالہ ریگیٹون گلوکار بائرون سانچیزاور 35 سالہ ڈی جے خورخے ہیریرا میکسیکو میں 16 ستمبر کو لاپتہ ہوئے اور انہیں میکسیکو سٹی کے پوش علاقے پولانکو میں آخری بار دیکھا گیا تھاتاہم اب پولیس نے دونوں موسیقاروں کی لاشیں برآمد کر لی ہیں،کولمبیا کے صدر نے گزشتہ روز اپنے میکسیکن ہم منصب سے فنکاروں کو تلاش کرنے میں مدد کی اپیل کی تھی۔

میکسیکو سٹی کے پراسیکیوٹر کے دفتر کے مطابق بی کنگ کے نام سے مشہور ریگیٹون گلوکار بائرون سانچیز اور ریگیو کلاؤن کے نام سے پرفارم کرنے والے ڈی جے خورخے ہیریرا کی ہلاکت پر قتل کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

سانچیز کے اہل خانہ نے ان کی شناخت کی تصدیق کر دی ہے۔کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے سوشل میڈیا پر دونوں موسیقاروں کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ایک "بین الاقوامی مافیا" اس سانحے میں ملوث ہے جسے "منشیات کے خلاف جنگ" نے مزید طاقتور بنایا ہے۔

میکسیکو کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ کولمبیا کے حکام کے ساتھ مل کر مکمل اور جامع تحقیقات کی جائیں گی تاکہ ان موسیقاروں کے قتل کی وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سانچیز نامی کولمبیائی منشیات کارٹل کے رہنما کیمیلو ٹوریس المعروف فریتانگا کے بھتیجے تھے۔ سانچیز نے 2022 میں ایک انٹرویو میں اعتراف کیا تھا کہ ٹوریس ان کی زندگی میں ایک نہایت اہم شخصیت ہیں۔