Live Updates

وہاڑی ،سیلاب متاثرین کے نقصانات کے سروے کیلئے ٹریننگ سیشن کا انعقاد

منگل 23 ستمبر 2025 17:35

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں نقصانات کے سروے کے لیے وہاڑی میں ٹریننگ سیشن منعقد کیا گیا جس میں اربن یونٹ کے سپروائزرز اور سروئیرز کو ایپ کے استعمال، ڈیٹا انٹری اور ضابطہ اخلاق بارے تفصیلی تربیت دی گئی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر وہاڑی عمرانہ توقیر نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں مکانات، فصلوں اور مویشیوں کے ساتھ جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کا ڈیٹا بھی اکٹھا کیا جائے گا، سروے میں محکمہ مال، محکمہ زراعت، لائیو اسٹاک، پاک آرمی اور اربن یونٹ کے سروئیرز شامل ہوں گے، انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سیلاب متاثرین کے نقصانات کے ازالے کے لیے پرعزم ہیں، حکومت پنجاب مکانات، فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرین کو مالی امداد فراہم کرے گی، ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جہاں پانی اتر چکا ہے وہاں لوگوں کی واپسی شروع ہو گئی ہے اور متاثرہ خاندانوں کو راشن، کپڑے، بستر اور دیگر ضروریات زندگی فراہم کی جا رہی ہیں، انہوں نے یقین دلایا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی اور تمام متعلقہ محکمے پوری لگن سے اس کام میں مصروف ہیں۔

\378
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات