اٹک ،ایپکا اٹک کے زیر اہتمام سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد

منگل 23 ستمبر 2025 17:37

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) ایپکا ضلع اٹک کے زیراہتمام ایک عظیم الشان سیرت النبی ﷺ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں محکمہ تعلیم سمیت دیگر محکمہ جات کے افسران، ملازمین اور عوام کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔محفل کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا جو محمد حسن اظہر نے خوش الحانی سے پیش کی۔ بعدازاں نقیبِ محفل حافظ سعید احمد قادری اور ساجد محمود نے نظامت کے فرائض سرانجام دیے۔

نعت خوانوں میں آفاق الرحمٰن، بابو حمید، میر نوید احمد، ڈاکٹر محمد اظہر (سی ای او ایجوکیشن) اور سعید الرحمن شامل تھے جنہوں نے عقیدت سے بھرپور نعتیں پیش کیں۔ دوران محفل ہر طرف درود و سلام کی صدائیں گونجتی رہیں۔ کانفرنس میں مرکزی خطاب ممتاز عالمِ دین حضرت مولانا علامہ حامد رضا نے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی زندگی پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے ہمیں ان کے نقش قدم پر چلنا چاہئے۔

اس موقع پر ضلعی صدر ایپکا یاسر خان علی زئی، ملک زاہد محمود صدر ایپکا ایجوکیشن اور دیگر رہنماؤں شیر بہادر، چوہدری محمد اشفاق، رستم شاہ، مظفر خٹک، طارق عبداللہ، حافظ ابو بکر، عبدالجلیل، ذیشان علی، خالد محمود نے مہمانوں کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ایپکا آئندہ بھی اسی طرح کے دینی و اصلاحی پروگرام منعقد کرتی رہے گی۔

سی ای او ایجوکیشن اٹک ڈاکٹر محمد اظہر نے اس اجتماع کو ایپکا ضلع اٹک کی ایک یادگار دینی کاوش قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کی محافل معاشرے میں محبتِ رسول ﷺ، اخوت اور امن کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہیں۔ محفل کا اختتام درود و سلام سے ہوا اور آخر میں حافظ محمد نذیر قادری نے اس بزم کو سجانے پر ایپکا اٹک کے عہدیداران و کارکنان اور پاکستان کی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر شرکاء نے ایپکا قیادت کو مبارکباد پیش کی، جبکہ اس موقع پر بہترین کارکردگی پر ایپکا عہدیداران میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔\378