باجوڑ ،اے این پی رہنماء کی ٹارگٹ کلنگ کیخلاف احتجاجی مظاہر ہ ،مین شاہراہ کئی گھنٹے بند رہی

منگل 23 ستمبر 2025 21:03

باجوڑ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء) باجوڑ میں اے این پی رہنماء کی ٹارگٹ کلنگ کیخلاف احتجاجی مظاہر ہ کیا گیا، مین شاہراہ کئی گھنٹے بند رہی۔ ذرائع کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتما م گزشتہ روز قتل کیے گئے تحصیل خار کے نائب صدر ملک میر اعظم خان کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیاگیا، مظاہرین نے باجوڑ پریس کلب سے خار بازار چوک تک پیدل مارچ کیا جوکہ خار بازار مین چو ک میں ایک بڑ ے جلسہ کی شکل اختیار کرگیا۔

مظاہرین نے ملک میر اعظم خان کے تصاویر اٹھائے قتل کے خلاف نعرے لگائے۔ ہم امن چاہتے ہیں۔ قاتلوں جواب دو خون کا حساب دو کے نعرے لگائے گئے۔ احتجاجی مظاہرے میں جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، تحریک انصاف اور دیگر پارٹیوں کے عہدیداران بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

احتجاجی مظاہرے سے سابق ایم این اے سید اخونزادہ چٹان، جماعت اسلامی کے سردار خان، پیپلز پارٹی کے صدر حاجی شیر بہادر، اورنگزیب انقلابی، مسلم لیگ ن کے صدر حاجی گل کریم خان، اے این پی کے رکن صوبائی اسمبلی نثار باز خان، ضلعی صدر گل افضل خان، شاہ نصیر خان،سید صدیق اکبر جان، پی ٹی ائی کے رہنماء نجیب اللہ ماموند، جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی آمیر مولانا عبدالرشید، تحصیل چیئرمین حاجی سید بادشاہ، تاجر برادری خار بازار کے صدر واجد علی شاہ، میراعظم خآن مرحوم کے فرزند ڈاکٹر اکرم نے خطاب کیا۔

مظاہرین نے کہا کہ باجوڑ میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری ہے لیکن حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے کوئی اقدامات نظر نہیں آتے۔ دن دیہاڑے لوگوں کو قتل کیا جاتاہے اور قاتل آسانی سے فرار ہونے میں کامیاب ہوجاتاہے۔ انہوں نے کہا کہ باجوڑ میں امن قائم کیا جائے اور ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ روکا جائے۔