سعودی مفتی اعظم عبدالعزیز کی وفات پوری امت کیلیے خسارہ ہے ، مفتی اکرام اللہ واحدی

منگل 23 ستمبر 2025 19:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء)اتحاد المدارس الاسلامیہ پاکستان کے ناظم الامتحانات مفتی اکرام اللہ واحدی نے مفتی اعظم سعودی عرب عبدالعزیز بن عبداللہ آل شیخ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار ۔انہوں نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز آل شیخ کی دینی و علمی خدمات امت مسلمہ کے لیے ایک روشن باب ہیں۔ آپ نے مسلسل 35 سال خطبہ حج ارشاد فرما کر کروڑوں مسلمانوں کے دلوں کو اللہ اور رسول ﷺ کی محبت سے معمور کیا۔

(جاری ہے)

بحیثیت چیئرمین مجلسِ کبار العلما، سائنسی تحقیق اور افتا کونسل کے سربراہ، آپ نے امت کو درپیش مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کیا۔مفتی اکرام اللہ واحدی نے مزید کہا کہ علما کرام امت کی رہنمائی کا چراغ ہیں، جو شریعت کی روشنی میں معاشروں کو درست سمت عطا کرتے ہیں۔ کسی جلیل القدر عالم دین کی وفات صرف ایک شخص کا نقصان نہیں بلکہ پوری امت کا خسارہ ہے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کی علمی و دینی خدمات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔