سلطنتِ عمان کے ممتاز عالمِ دین ڈاکٹر ھیثم کریم العُمانی کا دورہ پاکستان

الماتریدی اسکالرز انسٹیٹیوٹ کے طلباء و طالبات کو ''التخصص فی اللغة العربیہ کورس مکمل کرنے پر اسناد و ڈگریاں عطا فرمائیں

منگل 23 ستمبر 2025 19:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء)سلطنت عمان کے ممتاز عالمِ دین، محقق، مصنفِ کتبِ کثیرہ اور خادمِ آثارِ نبویہ حضرت فضیلة الشیخ ڈاکٹر ھیثم کریم العُمانی نے دورہ پاکستان کے موقع پر کہا ہے کہ یہ سفر نہ صرف ان کے لیے روحانی مسرت کا باعث ہے بلکہ امتِ مسلمہ کے لیے خیر و برکت، اتحاد و وحدت اور دینی بیداری کا پیغام بھی ہے۔

ڈاکٹر ھیثم کریم العُمانی ممتاز علمی و روحانی شخصیت ڈاکٹر سید مظہر اقبال شامی کی خصوصی دعوت پر پاکستان تشریف لائے۔ آپ کے قیام کا مرکز البخاری اسلامک سینٹر (البخاری ہاؤس) رہا۔ اس دوران آپ نے کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص اور دیگر شہروں میں منعقدہ عظیم الشان محافلِ میلادالنبی ﷺ اور عالمی میلاد کانفرنسز سے خطاب کیا، جن میں ہزاروں عاشقانِ رسول ﷺ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

شیخ ھیثم کریم العُمانی نے اپنے خطابات میں عشقِ رسول ﷺ، اتحادِ امت، اخلاق و کردار کی اصلاح اور سیرتِ طیبہ کے انمول پہلوؤں پر زور دیا۔ انہوں نے فرمایا کہ آج امت کو سب سے زیادہ ضرورت سیرتِ نبوی ﷺ کو سمجھنے، اپنانے اور عام کرنے کی ہے۔آپ اپنے ساتھ آثارِ نبویہ بھی لائے جن میں موئے مبارک، قمیص مبارک کا ٹکڑا، روضہ رسول ﷺ کی چادر کا حصہ اور غلافِ کعبہ کا ٹکڑا شامل تھے۔

ان تبرکات کی زیارت سے ہزاروں عاشقانِ رسول ﷺ نے فیض حاصل کیا۔دورہ پاکستان کے دوران ڈاکٹر ھیثم العُمانی نے مختلف علمی و دینی اداروں کا بھی دورہ کیا، جن میں بیت السعادہ اسلامک انسٹیٹیوٹ، سیلانی ویلفیئر، المصطفیٰ میڈیکل سینٹر، جامعہ امام اعظم ابو حنیفہ، رکن الاسلام جامعہ مجددیہ، سنی تحریک، جامع مسجد احباب، قوت الاسلام، جامع مسجد بیت المکرم، اقصی مسجد لانڈھی، النور اسکالرز اکیڈمی اور دیگر ادارے شامل ہیں۔

ان اداروں میں مختلف نشستوں کا انعقاد کیا گیا جہاں شیخ نے علما و طلبہ سے علمی و روحانی گفتگو فرمائی۔اسی دوران شیخ ڈاکٹر ھیثم العُمانی نے ڈاکٹر سید مظہر اقبال شامی کے ادارے الماتریدی اسکالرز انسٹیٹیوٹ'' کے طلباء و طالبات کو ''التخصص فی اللغة العربیہ'' کورس مکمل کرنے پر اسناد و ڈگریاں عطا فرمائیں۔ انہوں نے اس موقع پر عربی زبان کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دین کی صحیح تفہیم اور ترویج کے لیے عربی زبان کا سیکھنا ناگزیر ہے۔

عظیم الشان میلاد کانفرنسز میں نامور علمائے کرام، مشائخ اور سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی جن میں مفتی یونس شاکر، علامہ مظفر حسین شاہ، پیر سید زمان جعفری، ڈاکٹر عزیر محمود الازہری، علامہ بشیر مدنی، ڈاکٹر جلال الدین نوری، مفتی فیصل قادری، ڈاکٹر خرم عالم جہانگیری، پیر عبدالقادر شیرازی، علامہ ابراہیم سوہو، مولانا اکرام المصطفی، حکیم خالد قادری، آصف رضا قادری، مفتی ذیشان رسول، سید رفیق شاہ اور دیگر شخصیات شامل تھیں۔

مزید برآں، شیخ صاحب نے نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ، شہدائے میلاد مسجد لائنز ایریا، نور مصطفیٰ ہری مسجد سرجانی ٹاؤن میں جمعہ کے خطابات بھی ارشاد فرمائے، جنہیں عوام و علما نے بے حد سراہا۔دورے کے اختتام پر حضرت نے ڈاکٹر سید مظہر اقبال شامی کی علمی و روحانی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کی دینی کاوشوں کو قبول فرمائے، اور یہ بابرکت سفر ملتِ اسلامیہ کے لیے خیر و برکت کا ذریعہ بنے۔