پروفیسر دلاور خان کی خدمات قابلِ تحسین ہیں،ڈاکٹر جلال الدین نوری

قومی سیرت ایوارڈ ان کی علمی کاوشوں کا اعتراف ہے، تقریب پذیرائی سے خطاب

منگل 23 ستمبر 2025 19:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء)سابق ڈین فیکلٹی آف اسلامک اسٹڈیز جامعہ کراچی، معروف اسلامی اسکالر پروفیسر ڈاکٹر جلال الدین احمد نوری نے کہا ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر دلاور خان کی علمی و دینی خدمات قابلِ تحسین ہیں اور قومی سیرت ایوارڈ ان کی انہی کوششوں کا بھرپور اعتراف ہے۔ انہوں نے یہ بات جامعہ امام ابوحنیفہ نارتھ کراچی میں منعقدہ ایک پروقار تقریبِ پذیرائی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

یہ تقریب ڈاکٹر دلاور خان کو قومی سیرت ایوارڈ ملنے کی خوشی میں منعقد کی گئی، جس کے مہمانِ خصوصی سلطنتِ عمان کے ممتاز عالمِ دین، محقق اور صوفی اسکالر فضیلة الشیخ ڈاکٹر ھیثم کریم العُمانی تھے۔تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن اور قصیدہ بردہ شریف سے ہوا، جس کی سعادت ڈاکٹر خرم جہانگیری نے حاصل کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر جلال الدین نوری نے کہا کہ پروفیسر دلاور خان جیسے محنتی اور اخلاص سے بھرپور شاگرد کی کامیابی پر بطور استاد انہیں فخر ہے۔

انہوں نے سیرت النبی ﷺ کے فروغ میں ان کی علمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی شخصیات ملت کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ڈاکٹر ھیثم کریم العُمانی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ان کا حالیہ دورہ روحانی طور پر بے حد مؤثر رہا ہے، جہاں مختلف شہروں اور علاقوں میں میلاد النبی ﷺ کی محافل دیکھ کر دلی خوشی ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ عمان میں بھی ربیع الاول کے آغاز سے ہی میلاد کی تقریبات کا انعقاد ملک بھر میں جوش و جذبے کے ساتھ ہوتا ہے، جو بارہ ربیع الاول تک جاری رہتی ہیں۔

تقریب میں مختلف جامعات، مدارس اور علمی اداروں سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی، جن میں پروفیسر ڈاکٹر حامد علی علیمی، پروفیسر ڈاکٹر مظہر اقبال شامی، پروفیسر ڈاکٹر محمود عالم آسی، سید اختر حسین، سید سرور اقبال، شہباز قادری، ڈاکٹر جاوید اور دیگر معزز علما و اسکالرز شامل تھے۔مقررین نے پروفیسر دلاور خان کو سیرت النبی ﷺ کے فروغ کے حوالے سے ان کی کوششوں پر خراجِ تحسین پیش کیا اور ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی۔

تقریب کے اختتام پر تحائف اور علمی کتب کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ڈاکٹر ھیثم العُمانی نے اپنی عربی کتاب ڈاکٹر دلاور خان کو پیش کی، جبکہ ڈاکٹر حامد علیمی نے اپنی تصانیف کا سیٹ بطور تحفہ پیش کیا۔ ڈاکٹر خرم آسی نے انہیں سندھی ٹوپی پیش کی۔ ڈاکٹر جلال الدین نوری نے بھی اپنی عربی کتب کا تحفہ پیش کیا اور مہمانِ خصوصی کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔ڈاکٹر ھیثم العُمانی نے پاکستان میں علمی سرگرمیوں اور میلاد النبی ﷺ کے انعقاد کو سراہا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ملک میں علم و عمل کی برکتیں عطا فرمائے۔