رکن صوبائی اسمبلی کا پیرس روڈ پر قائم ای خدمت مرکز سیالکوٹ کا دورہ

منگل 23 ستمبر 2025 19:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) رکن صوبائی اسمبلی پنجاب محمد منشاءاللہ بٹ نے پیرس روڈ پر قائم ای خدمت مرکز سیالکوٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے شہریوں کو ایک ہی چھت تلے جدید اور شفاف سہولیات کی فراہمی عوامی خدمت کی بہترین مثال ہے۔ای خدمت مرکز میں شہریوں کو ڈومیسائل، فردِ ملکیت، فرد برائے تقسیم، فیس برائے انتقال، گاڑیوں کی رجسٹریشن و انتقال، لرنر اور ری نیو ڈرائیونگ لائسنس، انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس، پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ، کرایہ داری کا اندراج، گھریلو ملازمین کی تصدیق، ایف آئی آر کی کاپی، نکاح و طلاق نامہ کا اندراج، شادی اور طلاق سرٹیفکیٹ، برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ، نادرا ویری فیکیشن، ای اسٹامپ پیپر، ڈاک ٹکٹ، ڈاک رجسٹری، اسلحہ لائسنس کی معلومات کی سہولت سمیت دیگر خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر منیجر ای خدمت مرکز وقاص گوندل، اسسٹنٹ مینیجر محمد ابراہیم اور عبدالحمید قاسم بھی موجود تھے۔ رکن صوبائی اسمبلی نے منیجر اور عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام زیادہ سے زیادہ ان سہولیات سے استفادہ کریں کیونکہ حکومت پنجاب شہریوں کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔