حنیف محمد ٹرافی 26-2025 کے پانچویں رائونڈ کا دوسرا دن بیٹرز کے نام رہا

منگل 23 ستمبر 2025 21:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) حنیف محمد ٹرافی 26-2025 کے پانچویں رائونڈ کا دوسرا دن بیٹرز کے نام رہا۔ زین عباس، بسم اللہ خان، زین العابدین، سیف اللہ بنگش اور عمیر بن یوسف نے سنچریاں سکور کیں۔ پی سی بی کے مطابق کوئٹہ نے لاہور بلوز کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنا لیے۔ بسم اللہ خان نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 16 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 173 رنز بنائے۔

حیدرآباد کی ٹیم فیصل آباد کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 189 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ زین العابدین نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 107 رنز بنائے۔ اسد رضا اور احمد سفی نے تین ، تین وکٹیں حاصل کیں۔ کراچی وائٹس نے جموں و کشمیر کے خلاف اپنی پہلی اننگز 450 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر ڈیکلیئر کر دی۔

(جاری ہے)

سیف اللہ بنگش نے 110 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ محمد طحہٰ نے 98 رنز بنائے۔

کراچی بلوز کی ٹیم راولپنڈی کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 425 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ عمیر بن یوسف نے شاندار سنچری سکور کی۔ مہران ممتاز نے 6 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ملتان نے لاڑکانہ کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 322 رنز بنا لیے۔ کپتان زین عباس نے شاندار سنچری سکور کی اور وہ 158 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ وقار حسین 72 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ احمر اشفاق 69 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔ ڈیرہ مراد جمالی کی ٹیم فاٹا کے خلاف فالو آن کا شکار ہو گئی۔ آصف آفریدی اور ارشد اللہ نے چار ، چار وکٹیں حاصل کیں۔