Live Updates

پاکستان نے بنگلہ دیش کو ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

ایشیاء کپ کی 40 سالہ تاریخ میں پہلی بار پاک بھارت فائنل کھیلا جائے گا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 25 ستمبر 2025 23:41

پاکستان نے بنگلہ دیش کو ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 ستمبر2025ء) پاکستان نے بنگلہ دیش کو ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، ایشیاء کپ کی 40 سالہ تاریخ میں پہلی بار پاک بھارت فائنل کھیلا جائے گا۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش کی ٹیم 136 رنز کاتعاقب کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنا سکی۔ بنگلادیش کی جانب سے شمیم حسین 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

 
سیف حسن 18، نورالحسن 16، مہدی حسن 11، تنظیم حسن ثاقب 10، کپتان جاکر علی 5، توحید ہرودئے 5، تسکین احمد 4 اور پرویز حسین ایمان 0 پر آؤٹ ہوئے۔ رشاد حسین اور مستفیض الرحمان بالترتیب 16 اور 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ 
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے 3، 3 جبکہ صائم ایوب نے 2 اور محمد نواز نے 1 وکٹ حاصل کی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل بنگلادیش کی دعوت پر قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کی نقصان پر 135 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے محمد حارث 31 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ محمد نواز 25، شاہین شاہ آفریدی 19، کپتان سلمان آغا 19، فخر زمان 13، صاحبزادہ فرحان 4 اور حسین طلعت 3 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ فہیم اشرف 14 اور حارث رؤف 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ 
صائم ایوب نے 45 بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچز کے کیریئر میں 9ویں بار صفر پر آؤٹ ہوتے ہوئے شاہد آفریدی کو پیچھے چھوڑ کر صفر پر آؤٹ ہونے والے دوسرے پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔ 
بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد نے 3، رشاد حسین اور مہدی حسن نے 2، 2 اور مستفیض الرحمان نے 1 وکٹ حاصل کی۔
28 ستمبر بروز اتوار کھیلے جانے والے فائنل میں بھارت کا مقابلہ پاکستان کے ساتھ ہوگا۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات