یونیورسٹی آف تربت ڈیجیٹل طلبہ کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے، اعجاز احمد

منگل 23 ستمبر 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) یونیورسٹی آف تربت طلبہ کی استعداد کار میں اضافہ کرنے، انہیں جدید ٹیکنالوجی اورڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے اورمختلف مواقع سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنانے کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ اس مقصد کے تحت یونیورسٹی آف تربت کے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرزکے زیراہتمام اڑان پاکستان پروگرام کے تحت ینگ پیس اینڈ ڈویلپمنٹ کورپس (وائی پی ڈی سی)اور یوتھ ڈیجیٹل حب (وائی ڈی ایچ)کے حوالے سے آگاہی سیشنز کا انعقاد کیاگیا۔

ان سیشنز میں طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔دونوں سیشنز سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز چاکر حیدر نے کہا کہ وائی پی ڈی سی تربت یونیورسٹی چیپٹر کے قیام کا مقصد طلبہ کو امن، سماجی اور اقتصادی ترقی کی کوششوں میں متحرک کرنے کے علاوہ انہیں مقامی و قومی سطح پر پالیسی سازی میں شرکت کرنے کی ترغیب دیناہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اعجاز احمد نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر گل حسن کی سربراہی میں ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں تاکہ طلبہ زیادہ سے زیادہ سہولیات سے مستفیدہوسکیں۔

پہلے سیشن میں وائی پی ڈی سی تربت یونیورسٹی چیپٹر کے صدر میر زنگی، نائب صدر وسیمہ، جنرل سیکرٹری فاطمہ نذیر، میڈیا ریلیشنز آفیسر بختیار رند اور کوآرڈینیٹر مصدق نے شرکاء کو وائی پی ڈی سی کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اڑان پاکستان کے پانچ ایز (Es) فریم ورک ،ایکسپورٹ، انوائرمنٹ اینڈ کلائمیٹ چینج، انرجی، ای پاکستان اور ایکویٹی اینڈ امپاورمنٹ پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

اس کے ساتھ شرکاء کو وائی پی ڈی سی کی ممبرشپ کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا گیا اور ممبرشپ مہم کو تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔دوسرے سیشن میں یوتھ ڈیجیٹل حب (وائی ڈی ایچ) کے بارے میں شرکاء کو بریفنگ دی گئی اور انہیں وائی ڈی ایچ ایپلی کیشن کے استعمال، ڈاؤن لوڈنگ اور رجسٹریشن کے طریقہ کار پر رہنمائی فراہم کی گئی۔ یادرہے کہ اس ایپلی کیشن کے ذریعے نوجوان اپنی قابلیت اور دلچسپی سے ہم آہنگ ملازمتوں، اسکالرشپ، انٹرن شپس اور فیلوشپ سمیت دیگر مواقع تک بروقت اور آسان رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔دونوں سیشنز کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ تربت یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات پاکستان کے روشن مستقبل، قیادت اور قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔