غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم واضح اجتماعی نسل کشی ہے، عالمی برادری جلد ازجلد جنگ بندی یقینی بنائے،رجب طیب ایردوان

منگل 23 ستمبر 2025 22:40

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) ترک صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم واضح اجتماعی نسل کشی ہے، فلسطینی عوام کو زبردستی انخلا پر مجبور کیا جا رہا ہے، دنیا بھر میں آزاد فلسطین کے نعرے گونج رہے ہیں، دنیا میں قیام امن کیلئے آزاد فلسطینی ریاست ضروری ہے۔ منگل کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے صدر نے کہا کہ فلسطین کو بحیثیت آزاد ریاست تسلیم کرنے والے ملکوں کا خیرمقدم کرتا ہوں،توقع ہے کہ دنیا کے دیگر ممالک بھی جلد فلسطین کو بطور آزاد ریاست تسلیم کر لیں گے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے عالمی برادری کی توجہ غزہ کی صورتحال کی جانب مبذول کرواتے ہوئے فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے اسرائیلی مظالم کو انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غزہ کے عوام کیلئے ہر گزرتا دن عذاب بنتا جا رہا ہے، اقوام متحدہ کا جنرل اسمبلی اجلاس عالمی رہنمائوں کو علاقائی اور بین الاقوامی امور پر اپنا نکتہ نظر پیش کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی افواج غزہ میں بچوں سمیت نہتے اور معصوم شہریوں کا قتل عام کر رہی ہیں، غزہ میں انسانی بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران غزہ میں خوراک کی تقسیم کے مراکز میں مایوس غزہ کے لوگوں، بھوک سے بلکتے بچوں اور غزہ پر گزشتہ دو سالوں میں اسرائیل کی شدید بمباری سے ہونے والی تباہی کی کئی تصاویر اقوام عالم کو دکھائیں۔ ترک صدر نے کہا کہ غزہ کی صورتحال دیکھ کر میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہے، ترک عوام مشکل وقت میں فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ ہے۔انہوں نے عالمی رہنمائوں سے کہا کہ اس طرح کے مظالم کے خلاف خاموشی شراکت داری کے مترادف ہے، غزہ میں جلد از جلد جنگ بندی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔