عورت کی کمائی میں برکت نہیں، صائمہ قریشی ایک بارپھراپنی بات پراڑگئیں

بدھ 24 ستمبر 2025 12:26

عورت کی کمائی میں برکت نہیں، صائمہ قریشی ایک بارپھراپنی بات پراڑگئیں
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2025ء)اداکارہ صائمہ قریشی نے ایک بار پھر کہا ہیکہ ان کا ذاتی خیال ہے کہ عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی، کمانا عورت کا کام نہیں لیکن وہ یہ نہیں کہتیں کہ کوئی خاتون کام نہ کرے۔صائمہ قریشی نے فروری 2025 میں بھی ایف ایچ ایم پوڈکاسٹ میں کہا تھا کہ عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی اور انہیں ان کے بیان پر شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔

بعد ازاں انہوں نے وضاحتی ویڈیو بھی جاری کی تھی اور اپنی بات پر بضد تھیں کہ عورت کی کمائی میں برکت نہیں۔اب انہوں نے ایک بار پھر ایف ایچ ایم پوڈکاسٹ میں ہی شرکت کی، جہاں انہوں نے ایک بار پھر اپنی بات کو دہرایا اور کہا کہ وہ اپنی بات پر قائم ہیں اور یہ کہ عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ یہ نہیں کہتیں کہ عورتوں کا کام یا کاروبار نہیں کرنا چاہیے، وہ خود بھی کام کرتی ہیں اور کاروبار بھی کرتی ہیں لیکن ان کا اس بات پر بھی یقین ہے کہ عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی۔

اداکارہ نے مثال دی کہ وہ کئی سال سے محنت کرکے کما رہی ہیں لیکن ابھی تک اپنا گھر نہیں بنا سکیں، ابھی تک وہ کرائے کے گھر پر رہتی ہیں اگر ان کی یا عورت کی کمائی میں برکت ہوتی تو وہ اپنا گھر بنا چکی ہوتیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ان کی جگہ کوئی مرد ہوتا تو امکانات تھے کہ وہ ان جتنی کمائی میں گھر بھی بنا چکا ہوتا۔صائمہ قریشی کے مطابق وہ کسی کو کام کرنے سے نہیں روک رہیں، وہ یہ بھی نہیں کہتیں کہ عورتوں کو کام اور کاروبار نہیں کرنا چاہیے، بس وہ اتنا کہتی ہیں کہ عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی۔

جب انہیں مثال دی گئی کہ پاکستان میں ماہرہ خان جیسی بہت ساری خواتین کام کرکے کامیاب زندگی گزار رہی ہیں تو انہوں نے کہا کہ ایسی خواتین کو اپنے گھر کی سپورٹ ہے اور یہ کہ ماہرہ خان نے بھی شادی کی۔