بین اقوامی قوانین پر عمل کرتے ہوئے دیگر ممالک بھی فلسطین کو تسلیم کریں،راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ

بدھ 24 ستمبر 2025 17:49

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2025ء)راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ نے فرانس، برطانیہ،آسٹریلیا اور کینیڈا کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنیکا بھرپور خیر مقدم کیا ہے اور کہا کہ بین اقوامی قوانین پر عمل کرتے ہوئے دیگر ممالک بھی فلسطین کو تسلیم کریں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطین کو تسلیم کرے اور مظلوم فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرے، اسرائیل کی جانب سے جاری بمباری اور قتل عام ایک کھلی نسل کشی ہے،جس پر عالمی طاقتوں کو فوری اور مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔

راجہ سجاد نے فلسطینی عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کی آزادی اور حقوق کی بحالی تک پوری کشمیری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پاکستان ان چند ممالک میں سے ہے جنہوں نے فلسطینی ریاست کو 1988 میں آزادی کے اعلان کے فوری بعد تسلیم کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ فلسطین کو ریاست تسلیم کیا جانا اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت فلسطینی عوام کا قانونی حق ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان ممالک کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا جانا خطے میں منصفانہ، جامع اور دیرپا امن کی جانب قدم ہے۔