Live Updates

سعودی عرب والے بارشوں اور ٹھنڈے موسم کیلئے تیار ہو جائیں

مکہ مکرمہ ریجن میں درمیانے درجے سے شدید بارش ، سیلابی صورتحال، ژالہ باری اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان

muhammad ali محمد علی بدھ 24 ستمبر 2025 18:04

سعودی عرب والے بارشوں اور ٹھنڈے موسم کیلئے تیار ہو جائیں
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 ستمبر2025ء) سعودی عرب والے بارشوں اور ٹھنڈے موسم کیلئے تیار ہو جائیں، درمیانے درجے سے شدید بارش ، سیلابی صورتحال، ژالہ باری اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق ماہ ستمبر کا اختتام قریب آنے پر سعودی عرب کے بھی کئی علاقوں میں موسم کی تبدیلی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ سعودی عرب کے ماہرین موسمیات نے رواں ہفتے کے دوران مملکت کے کئی علاقوں میں بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے، بتایا گیا ہے کہ بارشوں کے زیر اثر آنے والے علاقوں میں موسم قدرے ٹھنڈا ہو جائے گا۔

سعودی میڈیا کے مطابق سعودی محکمہ موسمیات نے مملکت کے متعدد علاقوں میں رواں ہفتے کے دوران جمعرات تک بارش کی پیشنگوئی کی ہے۔ اس حوالے سے سعودی محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا یا ہے کہ مکہ مکرمہ ریجن میں درمیانے درجے سے شدید بارش ، سیلابی صورتحال، ژالہ باری اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

جازان، عسیر اور الباحہ ریجن میں درمیانے درجے سے موسلا دھار بارش جبکہ مدینہ منورہ، ریاض، قصیم، حائل، اشرقیہ ریجن اور نجران میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔

سعودی محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تلقین کی ہے کہ وہ سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہیں۔ ایسے مقامات پر جہاں بارش کا پانی جمع ہو تیراکی سے گریز کیا جائے اور سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اعلان کردہ شہری دفاع کی ہدایات پر عمل درآمد کیا جائے۔
                                          
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات