Live Updates

پیپلز پارٹی نے گندم کی امدادی قیمت 4500 روپے فی من مقرر کرنے کی تجویز دے دی

بدھ 24 ستمبر 2025 23:14

پیپلز پارٹی نے گندم کی امدادی قیمت 4500 روپے فی من مقرر کرنے کی تجویز ..
ٖاسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2025ء) پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کو تجویز دی ہے کہ گندم کی امدادی قیمت 4500 روپے فی من مقرر کی جائے تاکہ کسانوں کو ریلیف ملے اور زرعی پیداوار میں اضافہ ممکن ہو۔پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے وفاقی وزیر فوڈ سیکورٹی کے گندم کی 1.5 ارب ڈالر مالیت کی درآمد کے بیان پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گندم درآمد کرنے سے ملکی خزانے پر ناقابل برداشت بوجھ پڑے گا اور یہ غذائی بحران کا مستقل حل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو چاہیے کہ بجٹ اور وسائل کا رخ زراعت کی طرف موڑے کیونکہ زراعت کی مضبوطی سے صنعتکار سے لے کر مزدور تک سب مستفید ہوں گے۔ نیر بخاری نے زور دیا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی کسان دوست پالیسی پر عملدرآمد کیا جائے، کیونکہ ماضی میں گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ سے بمپر پیداوار ہوئی اور ملک کئی برس تک گندم میں خود کفیل رہا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب نے زرعی شعبے کو شدید نقصان پہنچایا ہے، اس لیے حکومت کو بحالی کو ترجیح اول دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی فصل کاشت سے قبل امدادی قیمت کا فوری اعلان کیا جائے تاکہ کسان بروقت فیصلے کرسکیں۔نیر بخاری نے تجویز دی کہ حکومت زرعی پالیسی سازی میں پارلیمانی جماعتوں، زمینداروں اور کاشتکاروں کو شامل کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈیزل، پٹرول، کھاد، بیج اور زرعی ادویات پر سبسڈی فراہم کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ گندم پیداوار ممکن ہو سکے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ جنوبی پنجاب اور دیگر سیلاب متاثرہ علاقوں میں کسانوں کو مفت بیج اور کھاد دی جائے تاکہ وہ دوبارہ کاشتکاری شروع کرسکیں، کیونکہ لاکھوں ایکڑ زمین تباہ ہونے کے ساتھ ساتھ متاثرہ شہریوں کا ذخیرہ شدہ گندم بھی سیلاب کی نذر ہو گیا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات