وزیر اعظم سے ملاقات میں ٹرمپ کے کوٹ پر لگی جنگی جہاز کی پن پر سوشل میڈیا صارفین میں بحث چھڑ گئی

ٹرمپ نے یہ پن پہن کر مودی کو پیغام دینے کی کوشش کی ہے،بعض صارفین بھارت کے خلاف پاکستان کی جیت کے اعتراف کے طور پر دیکھ رہے ہیں، رپورٹ

جمعہ 26 ستمبر 2025 20:30

وزیر اعظم سے ملاقات میں ٹرمپ کے کوٹ پر لگی جنگی جہاز کی پن پر سوشل میڈیا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کوٹ پر لگی جنگی جہاز کی پن پر سوشل میڈیا صارفین میں بحث چھڑ گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاس میں اہم ملاقات ہوئی، اس ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیرخارجہ مارکو روبیو بھی موجود تھے۔

اوول آفس میں وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ٹرمپ کی ملاقات ایک گھنٹہ 20 منٹ جاری رہی۔

(جاری ہے)

اس ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کوٹ پر لگی جنگی جہاز کی پن نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی۔بعض صارفین نے کہا کہ وہ اسے بھارت کے خلاف پاکستان کی جیت کے اعتراف کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ کچھ صارفین نے کہا کہ ٹرمپ نے یہ پن پہن کر مودی کو پیغام دینے کی کوشش کی ہے۔ ایک بھارتی صارف نے مودی کو ٹیگ کر کے لکھا کہ یہ بہت بڑا پیغام ہے۔ تاہم وائٹ ہاس نے وضاحت کردی کہ ٹرمپ نے دراصل ترک صدر اردوان کے ساتھ ملاقات کے لیے کوٹ پر ایف 22 ریپٹر جہاز کی سونے سے بنی پن لگائی تھی۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف سے پہلے امریکی صدر ٹرمپ نے ترکیے کے صدر اردوان سے ملاقات کی تھی۔