امت مسلمہ کو متحد کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے،ڈاکٹر ھیثم کریم العُمانی

بدھ 24 ستمبر 2025 22:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2025ء) سلطنتِ عمان کے ممتاز عالمِ دین، محقق، مصنفِ کتبِ کثیرہ اور خادمِ آثارِ نبویہ حضرت فضیلة الشیخ ڈاکٹر ھیثم کریم العُمانی نے دورہ پاکستان کے موقع پر کہا ہے کہ یہ بابرکت سفر نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے رحمت و برکت کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ عشقِ رسول ﷺ اور سیرتِ نبوی ﷺ کی روشنی میں امت کو متحد کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

ڈاکٹر ھیثم کریم العُمانی نے پاکستان میں مختلف شہروں بشمول کراچی، میرپور خاص اور حیدرآباد میں عالمی میلاد النبی ﷺ کانفرنسز اور محافلِ میلاد میں شرکت کی اور اپنے خطاب میں امت کی اصلاح، روحانی بیداری اور علمی ترقی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیرتِ نبوی ﷺ کی تعلیمات کو عام کرنا اور عشقِ رسول ﷺ کو دلوں میں جگانا ہر مسلمان کا فریضہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے البخاری اسلامک سینٹر میں احادیثِ مسلسلات کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ علم حدیث کی روشنی میں امت کو درست رہنمائی ملے گی اور اس سے دین کی خدمت میں مزید وسعت آئے گی۔ انہوں نے ملک کے مختلف جامعات اور دینی اداروں کا دورہ بھی کیا اور علما و مشائخ کے ساتھ علمی تبادلہ خیال کیا۔حضرت ڈاکٹر ھیثم کریم العُمانی نے کہا کہ وہ اپنے ہمراہ نبی کریم ﷺ کے مقدس تبرکات لے کر آئے تھے، جن کی زیارت سے ہزاروں عشاقِ رسول مستفیض ہوئے اور ان مقدس اشیاء کی برکت سے روحانی فیض پایا۔

انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ عشقِ رسول ﷺ کی خدمت میں یہ تبرکات امت کو متحد کرنے کا ذریعہ بنتی ہیں۔انہوں نے پاکستان میں علماء، مشائخ اور دینی شخصیات کی خدمات کو سراہتے ہوئے خاص طور پر ڈاکٹر سید مظہر اقبال شامی کی علمی و دینی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی کوششوں کو قبول فرمائے اور علم و عمل میں مزید ترقی عطا فرمائے۔ڈاکٹر ھیثم کریم العُمانی نے کہا کہ امت مسلمہ کو آپسی وحدت اور بھائی چارے کو مضبوط کرنا ہوگا تاکہ اسلامی تعلیمات کو پوری دنیا میں اجاگر کیا جا سکے اور اسلام کی حقیقی روح کو زندہ رکھا جا سکے۔