Live Updates

پیپلز پارٹی غریب کسانوں کی آواز بن کر ہمیشہ پیش پیش رہی ہے،صوبائی وزیر آبپاشی

بدھ 24 ستمبر 2025 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی غریب کسانوں کی آواز بن کر ہمیشہ پیش پیش رہی ہے اور ہم نے معاشی طور پر کسانوں، زمینداروں اور شعبہ زراعت کو فروغ دینے کیلئے جدو جہد کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنا انسان کے بس کی بات نہیں لیکن نقصانات کو کم کرنے کے لیے بطور انسان اور حکومت ہم منصوبہ بندی اور بہترین حکمت عملی کے تحت تباہ کاریوں سے انسانوں اور گھروں کو بچانے کے لیے اقدامات کر سکتے ہیں۔

میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کے دوران دریا ئے سندھ میں تین سے چار لاکھ کیوسک پانی پہلے سے موجود تھا جبکہ باہر سے آنے والا پانی جو تقریبا چھ سے سات لاکھ کیوسک متوقع تھا لہذا اس خطرناک صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمارےاور سندھ کے انجینئرزنے باہمی مشاورت سے طے کیا کہ دریا سندھ میں موجود پانی کو نکال کر سمندر میں بہا دیا جائے تاکہ پیچھے سے جو پانی آ جائے تو ہم اس پانی کو باسانی نکال سکیں تاکہ نقصان سے لوگوں کو بچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمور سکھر، حیدرآباد اور کوٹلی سے دریا کے جو دروازے تھے اوپر کر دیے گئے تاکہ پانی نکل سکے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نہری نظام کے تحت پانی دینے کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ دریا کے دروازوں کو نیچے کیا جائے تاکہ پانی کی سطح کو اوپر لایا جا سکے اگر دروازے اوپر نہیں کیے جائیں اور جہاں 5 لاکھ کیوسک پہلے سے موجود ہو اور 5 لاکھ کیوسک پانی مزید آجاتا تو دریا ٹکڑے ٹکڑے ہو کر نہری نظام سمیت نصیر آباد، صحبت پور و دیگر گرد ونواح کے علاقے سیلابی پانی سے تباہ و برباد ہو جاتے۔

انہوں نے کہا کہ قدرتی طور پر سیلابی صورتحال کے پیش نظر دس سے بارہ دنوں تک بحرانی کیفیت رہی اور اس کی بہتری کے لیے ہماری کوششیں جاری ہیں اور گزشتہ تین دنوں سے نہری پانی چھوڑ دی گئی ہے لیکن تمام حالات واقعات سے قطع نظر نہری نظام میں پانی کی چوری بھی ایک سنگین مسئلہ ہے جس کی تدارک کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ میں میڈیا کے نمائندوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آکر حالت کا خود جائزہ لیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات