جی سی سی ممالک اور برطانیہ کا قیام امن و بحرانوں کے حل کیلئے مشترکہ کوششوں پر زور

جمعرات 25 ستمبر 2025 17:08

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء) جی سی سی ممالک اور برطانیہ نے قیام امن اور بحرانوں کے حل کیلئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیویارک میں جی سی سی ممالک کے وزرائے خارجہ اور برطانوی وزیر خارجہ یویٹ کوپر کی ملاقات کے بعد مشترکہ بیان جاری کیا گیا جس میں جی سی سی ممالک کی جانب سے ثالثی کی کوششوں کو سراہا گیا۔

اجلاس کے شرکاء نے 9ستمبر کو دوحہ پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے قطر کی خود مختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔

(جاری ہے)

مسئلہ فلسطین کے حوالے سے غزہ میں فوری جنگ بندی اور دو ریاستی حل کی بھرپور تائید پر زور دیتے ہوئے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا گیا۔وزارتی اجلاس میں تنازع کے سیاسی حل کے حوالے سے سعودی عرب اورفرانس کے کردار کی بھی تعریف کی گئی۔

فلسطینی اتھارٹی کو غزہ اور مغربی کنارے پر قیادت کرنے کے قابل بنانے پر زور دیا گیا۔وزراتی اجلاس نے اس بات کی یقین دہانی کی کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونا چاہئیں۔سلطنت عمان کی جانب سے تہران اور واشنگٹن کے درمیان ثالثی کے عمل کو سراہا گیا۔ایران پر حملے روکنے اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی سے ایران کے مکمل تعاون پر زور دیا گیا۔