آر ڈبلیو ایم سی کی کمیونیکیشن ٹیم کا پاک مشن سوسائٹی اور طلبہ کے ساتھ مل کر کمرشل مارکیٹ میں آگاہی و صفائی مہم کا انعقاد

جمعرات 25 ستمبر 2025 19:06

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر جاری ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کمیونیکیشن ٹیم نے سی ای او رانا ساجد صفدر کے احکامات پر پاک مشن سوسائٹی اور طلبہ کے ساتھ مل کر کمرشل مارکیٹ میں آگاہی و صفائی مہم کا انعقاد کیا۔اس موقع پر کیمپ لگایا گیا، آگاہی واک اور طلبہ کے ساتھ عملی طور پر کچرا اُٹھانے کی سرگرمی منعقد کی گئی جبکہ مارکیٹ میں دکانداروں اور خریداروں کو صفائی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، شہریوں میں آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے تاکہ ماحول دوست طرزِ عمل کو فروغ دیا جا سکے۔

سی ای او آر ڈبلیو ایم سی رانا ساجد صفدر نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام صرف ایک صفائی مہم نہیں بلکہ ایک عوامی تحریک ہے، ہمارا مقصد شہریوں کو شامل کر کے راولپنڈی کو صاف اور صحت مند شہر بنانا ہے۔

(جاری ہے)

پاک مشن سوسائٹی کے نمائندوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ آر ڈبلیو ایم سی نے طلبہ کو اس مہم کا حصہ بنایا،نوجوان نسل میں یہ شعور پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں صاف اور سرسبز پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔

کمرشل مارکیٹ میں موجود شہریوں نے آر ڈبلیو ایم سی اور پاک مشن سوسائٹی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ ہم نے طلبہ کو ہمارے ساتھ سڑکوں اور مارکیٹ میں عملی طور پر کچرا اُٹھاتے اور صفائی کا پیغام دیتے دیکھا ہے،یہ اقدام واقعی دل کو چھو لینے والا ہے اور اس سے شہریوں میں عملی شعور بڑھے گا۔ طلبہ اور مارکیٹ نمائندوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ نہ صرف خود صفائی کا خیال رکھیں گے بلکہ اپنے گھروں اور محلوں میں بھی دوسروں کو اس حوالے سے آگاہ کریں گے۔