پاکستان اور چین اپنی تاریخی شراکت داری کے اگلے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں،احسن اقبال

جو خطے میں امید اور خوشحالی کی ضمانت ہے، سی پیک کی 14 ویں جے سی سی تاریخی موڑ ہے۔ وفاقی وزیر کا بیان

جمعرات 25 ستمبر 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہاہے کہ پاکستان اور چین اپنی تاریخی شراکت داری کے اگلے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں جو خطے میں امید اور خوشحالی کی ضمانت ہے، سی پیک کی 14 ویں جے سی سی تاریخی موڑ ہے جس سے فیز ٹو کے آغاز کیلئے پلیٹ فارم فراہم ہوگا۔جمعرات کواپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ جے سی سی اجلاس میں سی پیک کے اگلے مرحلے کا باضابطہ آغاز کیا جائے گا جسے حقیقی معنوں میں عوامی خوشحالی کی راہداری میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیرنے کہاکہ بیجنگ میں منعقد ہونے والی پاک چین مشترکہ تعاون کمیٹی (جے سی سی) کے 14 ویں اجلاس میں وہ پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ جے سی سی سی پیک کا سب سے اعلیٰ فیصلہ ساز فورم ہے، جہاں جاری منصوبوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ آئندہ مرحلے کے لیے نئے شعبے اور منصوبے شامل کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کی 14 ویں جے سی سی ایک تاریخی موڑ ہے جو فیز ٹو کے آغاز کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔

اس اجلاس میں سی پیک کے اگلے مرحلے کا باضابطہ آغاز کیا جائے گا جسے حقیقی معنوں میں عوامی خوشحالی کی راہداری میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک 2.0 محض بنیادی ڈھانچہ کاپروگرام نہیں بلکہ پاکستان کی خوشحال اور مضبوط ترقی کے لیے ایک اقدام ہے جو جامع ترقی اور عالمی مسابقت کو یقینی بنائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو کا مقصد پاکستان کی سب سے بڑی طاقت یعنی عوام کو بااختیار بنا کر معیشت کے’’سافٹ ویئر‘‘کو مضبوط کرنا ہے۔

یہ مرحلہ نوجوانوں کی صلاحیتوں، ہنر اور جدت پر مبنی ہوگا۔ اس میں عوام رہنما کردار ادا کریں گے جبکہ برآمدات معیشت کی محرک قوت ہوں گی۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور چین اپنی تاریخی شراکت داری کے اگلے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں، جو خطے میں امید اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔