امریکہ خاموش ہو کر اسرائیل کی حمایت کر رہا ہے،بلال سلیم قادری

غزہ میں جنگ بندی کے لیے تمام مسلم ممالک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان سنی تحریک

جمعہ 26 ستمبر 2025 14:20

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)امریکہ بظاہر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے لیکن عملی طور پر اسرائیل کی حمایت کر رہا ہے۔ غزہ میں جاری انسانی المیے کے پیشِ نظر جنگ بندی کے لیے تمام مسلم ممالک کو مشترکہ اور مثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری شامی نے کرتے ہوئے مزید کہا کہ غزہ کے معصوم شہریوں تک امدادی سامان کی فوری فراہمی وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

زخمیوں کے علاج، بے گھر خاندانوں کی بحالی اور خوراک و پانی کی فراہمی کے بغیر انسانی بحران مزید بڑھ سکتا ہے۔یہ وقت صرف بیانات کا نہیں بلکہ عملی اقدامات کا ہے، مسلم ممالک کو متحد ہو کر سفارتی،سیاسی اور انسانی بنیادوں پر مثر حکمتِ عملی اپنانی چاہیے۔

(جاری ہے)

عالمی برادری کی جانب سے جنگ بندی کے مطالبات کے باوجود اسرائیلی حملے بدستور جاری ہیں جس کے باعث معصوم شہریوں کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔

بلال سلیم قادری کا مزید کہنا تھا کہ سفارتی سطح پر اسرائیل پر دبا ڈالنے اور عالمی اداروں کے ذریعے فلسطینی عوام کی آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے تاکہ فوری جنگ بندی عمل میں آ سکے۔انسانی حقوق کی تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر امدادی سامان غزہ نہ پہنچایا گیا تو وہاں قحط اور وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے۔عالمی برادری بالخصوص مسلم ممالک پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ صرف بیانات سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کریں تاکہ غزہ کے نہتے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور خطے میں امن قائم ہو سکے۔