Live Updates

ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کی رسائی، بھارت کیساتھ تیسری بار ٹاکرے پر سوشل میڈیا پر میمز کا طوفان آگیا

پاکستانی شائقین کرکٹ نے حسب روایت میمز کے ذریعے اپنی ٹیم کے ناقص کھیل اور اعصاب شکن کامیابی پر طنز و مزاح کا سہارا لیا اس بار ٹرافی ہماری ہے،پاکستان کے ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں رسائی پر شائقین کرکٹ پرجوش ہیں اور عزم کا اظہار

جمعہ 26 ستمبر 2025 14:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں پاکستان کے پہنچنے اور بھارت کے ساتھ تیسری بار مقابلے کی خبر پر سوشل میڈیا صارفین نے اپنے جذبات کا اظہار میمز کے ذریعے کیا۔گزشتہ روز ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے کے اہم ترین میچ میں پاکستان نے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو 11 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔

دبئی میں کھیلے گئے اس میچ میں قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن محض 135 رنز پر 8 وکٹیں گنوا کر شدید دبا کا شکار ہوگئی تاہم بولرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی۔پاکستان نے ٹورنامنٹ کے 17 ویں ایڈیشن میں پہلی مرتبہ روایتی حریف بھارت کے خلاف فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا، جس پر سوشل میڈیا پر میمز کا طوفان امڈ آیا۔

(جاری ہے)

پاکستانی شائقین کرکٹ نے حسب روایت میمز کے ذریعے اپنی ٹیم کے ناقص کھیل اور اعصاب شکن کامیابی پر طنز و مزاح کا سہارا لیا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر صارفین نے دلچسپ انداز میں پاکستانی ٹیم کی مشکل سے بچ جانے والی صورتحال کو اجاگر کیا۔ایک صارف نے امبریلا اکیڈمی والا میم شیئر کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت کے پرچم کو ساتھ دکھایا۔کئی صارفین نے پاکستان اور شائقین کے رشتے کو ناخوشگوار تعلق سے تشبیہ دی۔

بھارتی کھلاڑی بھی میمز کا نشانہ بنے، ایک صارف نے لکھا کہ بھارتی ٹیم کو لگا تھا کہ ان کی پاکستانی ٹیم سے جان چھوٹ گئی، لیکن پاکستان یوٹیوب کا وہ اشتہار جسے ہٹایا (skip)نہیں کیا جاسکتا۔اسی طرح ایک ویڈیو میں پاکستانی ٹیم کو ایک ایسے شخص سے تشبیہ دی گئی جو انتہائی تیز رفتار گاڑیوں کے بیچ جان بچا کر سڑک پار کرتا ہے اور آخرکار کامیاب ہوجاتا ہے۔

مزید برآں ایک صارف نے لکھا کہ 50 ہارٹ اٹیک، 20 اینگزائٹی اٹیک اور 10 بار ڈپریشن میں جانے کے بعد ہم فائنل تک پہنچ گئے، جبکہ ایک اور نے صورتحال کا خلاصہ کرتے ہوئے لکھا کہ سوچو، ایک دوسرے سے نفرت کرتے ہیں، لیکن پھر بھی مہینے میں تین بار مل رہے ہیں، بھارت اور پاکستان کو مبارک ہو، کرکٹ کا سب سے بڑا ناخوشگوار تعلق ہے۔پاکستان کے ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں رسائی پر شائقین کرکٹ پرجوش ہیں اور عزم کا اظہار کر رہے ہیں کہ اس بار ٹرافی ہماری ہے۔

ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں دبئی میں کھیلے گئے اہم میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو دلچسپ مقابلے کے بعد 11 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ فائنل میں پاکستان کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔ یہ پہلا موقع ہے جب دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ ایشیا کپ کے فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔ پاک بنگلادیش میچ کے بعد شائقین کرکٹ نے سوشل میڈیا پر گرین شرٹس کی زبردست کارکردگی تعریف کی۔

ایک مداح نے لکھا کہ آٹ کلاس بولنگ، جب لگ رہا تھا میچ ہاتھ سے نکل گیا ہے تو بولرز نے فائنل تک پہنچا دیا، ایک اور مداح نے قومی ٹیم کو بھارت کے خلاف جیتنے اور ٹرافی اٹھانے کا کہا، ایک صارف نے لکھا کہ اس بار ٹرافی ہماری ہے۔البتہ کچھ شائقین نے پاکستان کے حالیہ ریکارڈ کے پیشِ نظر خدشات کا اظہار بھی کیا کہ بھارت کے خلاف ایک اور مشکل دن نہ دیکھنا پڑ جائے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات