Live Updates

پاکستان کے کھوئے ہوئے بین الاقوامی مقا م کو صرف اور صرف عمران خان ہی واپس لاسکتا ہے،خواجہ فاروق احمد

تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کی ضمانت کے ساتھ ساتھ آزادکشمیر کے عوام کو بھی ان کے بنیاد ی حقوق دلاسکتا ہے

جمعہ 26 ستمبر 2025 14:45

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی راہنما اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی کال پر آج 27ستمبر پشاور میں ہونے والے جلسہ کو پاکستان کی تاریخ کے بڑے بڑے جلسوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ فارم 47اور ان کے سرپرستوں کی بھرپور مخالفت پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بے بنیاد مقدمات میں گرفتاریوں،گھروں پر آئے روز چھاپے،خواتینگ تک کو گرفتار کیے جانے کے اقدامات سمیت تمام حربوں کے باوجود پورے پاکستان،آزادکشمیر وگلگت بلتستان سے بہت بڑی تعداد میں لوگ اس جلسہ میں شریک ہونے کے لیے اپنے اپنے شہروں،دیہات،گائوں سے چل پڑے ہیں۔

خواجہ فاروق احمد نے کے پی کے پشاور کے کارکنوں ،راہنمائوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان سب نے اپنے اپنے گھروں کے دروازے اپنے تحریکی بھائیوں کے لیے وقف کردیئے ہیں۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر سے بھی ان شاء اللہ پارٹی جھنڈوں اور آزادکشمیر کے جھنڈوں کے ساتھ بھرپور نمائندگی ہوگی۔مظفرآباد ڈویژن سے آج اور کل بڑی تعداد میں ریلیوں،گروپس کی صورت میں پارٹی کارکن شرکت کے لیے بھرپور تیاری کررہے ہیں۔ہم کشمیری بھی سمجھتے ہیں کہ پاکستان کے کھوئے ہوئے بین الاقوامی مقا م کو صرف اور صرف عمران خان ہی واپس لاسکتا ہے اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کی ضمانت کے ساتھ ساتھ آزادکشمیر کے عوام کو بھی ان کے بنیاد ی حقوق دلاسکتا ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات