پرتگالی سفیر کی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ سے ملاقات

جمعہ 26 ستمبر 2025 16:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء) پاکستان میں پرتگال کے سفارتخانے کے ایک وفد نے صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت مانویل فریڈریکو پنیہیرو ڈا سلوا نے کی جبکہ ڈیوڈ توماس پیریرا ریکو ڈی آراکاؤ (پولیٹیکل اینڈ اکنامک آفیسر)، فیصل کبیر اور افتخار فیروز (آنریری قونصل) بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ملاقات میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے فروغ، ثقافتی تعاون، تعلیم اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے حوالے سے وسیع موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا۔رمیش سنگھ اروڑہ نے وفد کو وزیراعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ پروگرام ’مینارٹی کارڈز‘ کے بارے میں آگاہ کیا، جس کے تحت اب تک 75 ہزار سے زائد اقلیتی شہری مختلف سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب حکومت اقلیتی کمیونٹیز کی بہتری کے لیے صلاحیت سازی، چھوٹے کاروباروں کی ترویج، مختصر کورسز اور ای لرننگ پروگرامز پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ نوجوانوں اور طلبا کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

صوبائی وزیر نے پنجاب میں سکھ ورثے کے احترام پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ننکانہ صاحب اور کرتارپور صاحب دنیا بھر کے سکھوں کے لیے روحانی مرکز کی حیثیت رکھتے ہیں۔صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ پنجاب حکومت نے پہلی مرتبہ ’ہفتہ برائے اقلیتیں‘ منایا، جس میں مسلمان، مسیحی، ہندو اور سکھ رہنماؤںنے بھرپور شرکت کی جو کہ صوبے کے مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ایک جدید سوچ کے تحت ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، مصنوعی ذہانت (AI)، ای کامرس اور ای گورننس کو فروغ دے رہی ہے تاکہ معاشرے کے کمزور طبقات بھی اس عمل کا حصہ بن سکیں۔ اس ضمن میں مقامی اداروں بشمول کلیسا، گردوارے اور مندر بھی شامل کیے جا رہے ہیں تاکہ تعلیم اور بااختیار بنانے کے اقدامات زیادہ مؤثر ہوں۔ اس موقع پر سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور فرید احمد تارڑ نے بھی محکمے کی کارکردگی اور ورکنگ میکانزم پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

مانویل فریڈریکو پنیہیرو ڈا سلوا نے وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات کو سراہا اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پنجاب حکومت کی کوششوں کو قابل تعریف قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پرتگال میں بھی سکھ مندر قائم ہیں جو بھائی چارے اور ثقافتی ہم آہنگی کی بہترین مثال ہیں۔ پرتگالی سفیر نے کہا کہ ہزاروں پاکستانی پرتگال میں مقیم ہیں اور وہاں کی سماجی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرتگال پنجاب کے ساتھ سیاحت، ورثے کے تحفظ، تعلیم، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور سماجی و معاشی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت، ای گورننس اور ای کامرس میں تعاون کو مستقبل کے لیے ایک امید افزا شعبہ قرار دیا۔ ملاقات کے اختتام پر صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور نے پرتگالی سفیر کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔ اس موقع پر کنسلٹنٹ سید عمران سجاد سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔