سیاحت کا فروغ سماجی و معاشی ترقی، عالمی تشخص اور ثقافتی ہم آہنگی کے لیے ناگزیر ہے، سردار ایاز صادق

پاکستان میں سیاحت کے فروغ سے ملکی معیشت مستحکم، ،روزگار کے بے شمار مواقع بھی پیدا ہوں گے، عوامی خوشحالی بڑھے گی ،سپیکر قومی اسمبلی

جمعہ 26 ستمبر 2025 21:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ سیاحت کسی بھی ملک کی معاشی، سماجی اور ثقافتی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،پاکستان میں سیاحت کے فروغ سے نہ صرف ملکی معیشت کو استحکام مل سکتا ہے بلکہ روزگار کے بے شمار مواقع بھی پیدا ہوں گے، عوامی خوشحالی بڑھے گی اور دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت اور روشن چہرہ اجاگر ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عالمی یوم سیاحت کے موقع کیا جو 27 ستمبر کو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اپنی جغرافیائی تنوع، قدرتی حسن، قدیم تہذیبوں اور مذہبی و ثقافتی ورثے کی بدولت دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پہچان صرف بلند و بالا پہاڑوں، صحراو?ں اور ساحلی علاقوں تک محدود نہیں بلکہ وادی کالاش کی روایات، گندھارا تہذیب کی شان و شوکت اور کرتارپور کوریڈور جیسے روحانی مراکز اسے دنیا بھر کے مذاہب اور ثقافتوں کے لیے پرکشش بناتے ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ حکومت نے مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے جامع ویزا پالیسی اختیار کی ہے جس کے تحت سکھ، ہندو اور بدھ مت کے ماننے والوں کے لیے مقدس مقامات تک رسائی آسان بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی احترام کو فروغ دیتے ہیں بلکہ پاکستان کے پرامن اور مہمان نواز تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے امن و امان بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ اسپیکر نے ملک میں امن قائم رکھنے کے لیے پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کی کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے وفاقی و صوبائی حکومتوں، نجی شعبے اور متعلقہ حکام پر زور دیا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ پاکستان کے قدرتی اور ثقافتی خزانوں کو عالمی سطح پر متعارف کروایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کے ٹو کی برف پوش چوٹیوں سے لے کر شندور کے بلند ترین پولو گراؤنڈ تک، پرٴْسکون جھیلوں سے وسیع صحراو?ں تک پاکستان مہم جوئی اور فطرت سے محبت کرنے والوں کے لیے جنت نظیر ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ پائیدار سیاحت کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے تاکہ سماجی انصاف، معاشی مواقع، ثقافتی ترقی اور قومی اتحاد کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیاحت کے فروغ کے ذریعے ہم ایک پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ سیاحت نہ صرف معاشی ترقی کا ذریعہ ہے بلکہ یہ مقامی آبادیوں کے لیے براہِ راست فائدے اور سماجی توازن کا بھی باعث بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ماڈلز اپنانے کی ضرورت ہے جن سے مقامی کمیونٹیز کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچے۔

ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ مذہبی سیاحوں کے لیے حکومت کی سہولیات اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے جاری سلامتی اقدامات پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مشترکہ ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے سرکاری و نجی شعبے میں مزید تعاون بڑھایا جائے تاکہ قومی ترقی اور عالمی تشخص کے لیے سیاحت کے اس اہم موقع سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔