باجوڑ ، ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کا انعقاد

مہم کے کامیاب انعقاد کیلئے دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں ،فیلڈ ٹیموں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے، شاہد علی کی ہدایت

جمعہ 26 ستمبر 2025 21:30

باجوڑ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء) باجوڑ میں انسداد پولیو مہم اکتوبر 2025 کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کا انعقادکیا گیا ۔ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں 13 اکتوبر 2025 سے شروع ہونے والی مہم کیلئے حتمی حکمت عملی اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں انتظامی افسران، محکمہ صحت، متعلقہ محکموں کے افسران اور DEOC ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایمونائزیشن آفیسر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر فدا محمد نے ڈپٹی کمشنر باجوڑ کو مہم کی تیاریوں کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر باجوڑ نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مہم کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور فیلڈ ٹیموں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پولیو فوکل پرسن، باجوڑ پولیس اور متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ پولیو ٹیموں کے لیے سیکیورٹی پلان بنایا جائے۔ اسی طرح محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت دی گئی کہ پولیو ٹیموں کی معیاری ٹریننگ، سہولیات اور UCMOsکی مکمل رہنمائی یقینی بنائی جائے تاکہ مہم اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل ہو سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور یہ قومی فریضہ ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان ہی ہماری آئندہ نسلوں کا محفوظ مستقبل ہے۔