صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے چین کے کراچی میں قونصل جنرل کی ملاقات

جمعہ 26 ستمبر 2025 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دورے کے دوران دستخط ہونے والی مفاہمتی دستاویزات پاکستانی عوام خصوصاً زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبے سے وابستہ کسانوں کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں گی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق یہ بات صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے چین کے کراچی میں قونصل جنرل یانگ یون دونگ سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے صدر مملکت سے ملاقات کی ۔

ملاقات کے دوران چینی قونصل جنرل نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو چین کے کامیاب دورے کی مبارکباد بھی دی ۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے دورہ چین کے دوران چینی قیادت کی مہمان نوازی اور خیر سگالی کا شکریہ ادا کیا۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ دورے کے دوران دستخط ہونے والی مفاہمتی دستاویزات پاکستانی عوام خصوصاً زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبے سے وابستہ کسانوں کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں گی۔

(جاری ہے)

صدر آصف علی زرداری نے بیجنگ میں سی پیک کے مشترکہ تعاون کمیٹی (جے سی سی) کے 14ویں اجلاس کا بھی خیر مقدم کیا۔ صدرِ مملکت نے سی پیک فیز ٹو کے آغاز کو پاکستان اور چین کے تعلقات میں اہم سنگِ میل قرار دیا۔ صدر مملکت نے اس یقین کا اظہار کیا کہ سی پیک کا نیا مرحلہ عوامی ترقی، جدت، زراعت اور برآمدات کے فروغ پر مرکوز ہونے کے باعث پاکستان کی معیشت کے لئے نئی راہیں کھولے گا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو پاکستان اور چین کی ہر موسم کی دوستی کو مزید مضبوط بنائے گا۔ صدر آصف علی زرداری نے چین کی حکومت اور عوام کو چین کے آمدہ قومی دن کی بھی مبارکباد پیش کی اور چین کی سلامتی ترقی اور خوشحالی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔\932