نانجنگ میں پاکستانی اسکالر عبدالقدوس کا بین الثقافتی ہم آہنگی کے فروغ میں نمایاں کردار

جمعہ 26 ستمبر 2025 21:55

9نانجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 ستمبر2025ء) نانجنگ ایگریکلچرل یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پاکستانی پی ایچ ڈی اسکالر عبدالقدوس نے چین میں بین الاقوامی طلبہ کے مثبت کردار کو اجاگر کرتے ہوئے نانجنگ روٹری کلب کی تعلیمی و سماجی سرگرمیوں میں نمایاں حصہ لیا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق چین کی نانجنگ ایگریکلچرل یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم پاکستان کے صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پی ایچ ڈی کے امیدوار عبدالقدوس، علمی مہارت کو بامعنی کمیونٹی خدمات کے ساتھ کامیابی سے جوڑ رہے ہیں۔

وہ نانجنگ میں روٹری انٹرنیشنل کے رکن کے طور پر فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ حالیہ تعلیمی سرگرمی میں ان کی شرکت نے یہ اجاگر کیا کہ بین الاقوامی اسکالرز کس طرح مقامی کمیونٹیز کی خدمت کے ساتھ ساتھ اپنے آبائی علاقوں کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے قیمتی تجربہ حاصل کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

گوادر پرو کے مطابق ڑونگ چیاو پرائمری اسکول میں منعقدہ چوتھی نانجنگ روٹری کلب اسکالرشپ ایوارڈز تقریب، جو ثقافتی تبادلے پر مبنی ایک عوامی خدمت کے سبق سے بھی مزین تھی، قدوس کے دوہری خدمت اور بین الثقافتی مکالمے کے لیے ایک پلیٹ فارم بنی۔

کلب کی صدر پروینا مونگر اور دیگر اراکین کے ہمراہ، انہوں تعلیمی کارکردگی، نمایاں بہتری اور کمیونٹی سروس کے شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو اسکالرشپس دیں۔ گوادر پرو کے مطابق تقریب کے دوران عبدالقدوس نے ایک خصوصی ثقافتی تبادلہ سیشن بھی منعقد کیا، جس میں انہوں نے چینی طلبہ کو پاکستان کی جغرافیائی و ثقافتی تنوع، روایتی کھانوں، جنگلی حیات اور قومی ورثے سے روشناس کرایا۔

بچوں نے بالخصوص پاکستانی جانوروں اور فطری مناظر میں گہری دلچسپی لی، جس سے کلاس روم ایک جاندار اور سیکھنے کے جذبے سے بھرپور ماحول میں تبدیل ہو گیا۔اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے عبدالقدوس نے کہا میرے نزدیک تعلیم اور خدمت دو بنیادی ستون ہیں۔ نانجنگ روٹری کلب کی سرگرمیوں میں شرکت کے بعد مجھے اندازہ ہوا کہ یہ ادارہ کس قدر مؤثر طریقے سے مقامی کمیونٹی پر مثبت اثر ڈال رہا ہے۔

اسی جذبے کے تحت میں نے اس عالمی تنظیم کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا۔ اس تجربے نے نہ صرف مجھے مقصد کا ایک واضح احساس دیا بلکہ تعلیمی آگاہی کے پروگراموں میں عملی فہم بھی فراہم کیا۔ گوادر پرو کے مطابق واضح رہے کہ نانجنگ روٹری کلب، جو 1905 میں قائم ہونے والے بین الاقوامی فلاحی نیٹ ورک روٹری انٹرنیشنل کا حصہ ہے، مقامی سطح پر تعلیمی امداد، ثقافتی تبادلے اور انسانی خدمت کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ کلب میں چینی اور غیر ملکی افراد مشترکہ طور پر کمیونٹی کی بہتری کے لیے سرگرم عمل ہیں