آر ڈی اے کا چاکرہ روڈ پر انسداد تجاوزات آپریشن، راستہ بحال، غیر قانونی تعمیرات اور رکاوٹیں ہٹا دی گئیں

ہفتہ 27 ستمبر 2025 00:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) سیکرٹری ہاؤسنگ کیپٹن (ر) نورالامین مینگل کی ہدایت اور ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی زیر نگرانی آر ڈی اے انفورسمنٹ سکواڈ نے غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے چاکرہ روڈ پر انسداد تجاوزات آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران غیر قانونی شیڈز، گرلز، اسٹالز اور ایک پرائیویٹ سکول کی جانب سے سڑک کے کنارے بنائے گئے عارضی ڈھانچے مسمار کر دیے گئے۔

اس کے علاوہ ایک کمرشل عمارت کی سیڑھیاں اور گرل جو منظور شدہ حدود سے تجاوز کر کے عوامی راستے میں رکاوٹ ڈال رہی تھیں، بھی ہٹا دی گئیں۔ یہ غیر قانونی توسیعات شہریوں اور پیدل چلنے والوں کے لیے مشکلات کا باعث بن رہی تھیں۔

(جاری ہے)

ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت اور سہولت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انسداد تجاوزات قوانین اور ڈینگی ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدامات وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق ہیں، جنہوں نے غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے۔ ڈی جی آر ڈی اے نے پراپرٹی مالکان، بلڈرز اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانونی رہنما اصولوں پر عمل کریں۔ عوام کو بھی چاہیے کہ شہر کی سڑکوں کو محفوظ، کھلا اور بلا رکاوٹ رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انسداد تجاوزات آپریشن کی قیادت اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول آر ڈی اے شیزہ تنویر نے کی جبکہ بلڈنگ سپروائزر عاصم نواز کھوکھر اور دیگر انفورسمنٹ عملہ بھی موجود تھا، اور آپریشن تھانہ نصیرآباد پولیس کے تعاون سے کیا گیا۔