امریکا کا کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو کا ویزہ منسوخ کرنے کا اعلان

ہفتہ 27 ستمبر 2025 09:30

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) امریکا نے اعلان کیا ہے کہ وہ کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو کا ویزہ منسوخ کر رہا ہے کیونکہ کولمبیئن صدر نے نیویارک میں امریکی فوجیوں کو "احکامات نہ ماننے اور تشدد پر اکسانے" کی ترغیب دی۔رائٹرز کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہاکہ ہم صدر پیٹرو کا ویزہ ان کے غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز اقدامات کے باعث منسوخ کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے لیے نیویارک میں موجود گستاوو پیٹرو نے جمعہ کو اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے باہر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں امریکا کی فوج کے تمام سپاہیوں سے کہتا ہوں کہ عوام پر بندوق نہ اٹھائیں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے احکامات نہ مانیں بلکہ انسانیت کے احکامات پر عمل کریں!۔

(جاری ہے)

کولمبیا کے صدر کے دفتر اور وزارت خارجہ نے فوری طور پر اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

پیٹرو نے منگل کو جنرل اسمبلی سے خطاب میں بھی امریکی صدر ٹرمپ کو نشانہ بنایا اور کیریبین سمندری حدود میں مشتبہ منشیات بردار کشتیوں پر امریکی میزائل حملوں پر فوجداری کارروائی کا مطالبہ کیا۔کولمبیا کے صدر پیٹرو کے سوشل میڈیا پروفائل پر ان کی جانب سے نیویارک میں ’’پرو فلسطین‘‘ مظاہرین سے خطاب کی متعدد ویڈیوز بھی ری پوسٹ کی گئیں۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ فری فلسطین، اگر غزہ گرا تو انسانیت مر جائے گی۔