Live Updates

ابھیشیک شرما نے ایشیا کپ میں محمد رضوان کا ریکارڈ توڑ کر نئی تاریخ رقم کر دی

ابھیشیک نے سری لنکا کے خلاف ہندوستان کے سپر فور میچ کے دوران لگاتار تیسری نصف سنچری بنائی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 27 ستمبر 2025 10:54

ابھیشیک شرما نے ایشیا کپ میں محمد رضوان کا ریکارڈ توڑ کر نئی تاریخ رقم ..
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 ستمبر 2025ء ) بھارتی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج اوپنر ابھیشیک شرما نے ایشیا کپ میں نئی تاریخ رقم کر دی۔
ابھیشیک شرما نے جمعہ کو ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا کے خلاف میچ میں 31 گیندوں پر 61 رنز کی اننگز کھیلی۔ 
اس اننگز کے دوران ابھیشیک شرما نے نئی تاریخ رقم کی اور وہ ایشیا کپ کی تاریخ میں ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔

 
ٹی ٹونٹی کرکٹ میں نمبر ون بیٹر ابھیشیک شرما جاری ایشیا کپ 2025ء میں شاندار فارم میں ہیں کیونکہ وہ چھ اننگز میں 51.50 کی شاندار اوسط اور 204.63 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ 309 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں سرفہرست ہیں۔ 
رضوان نے ٹورنامنٹ کے 2022ء ایڈیشن میں تین نصف سنچریوں کی مدد سے 56.20 کی اوسط سے 281 رنز بنا کر یہ ریکارڈ قائم کیا۔

(جاری ہے)

 
ویرات کوہلی جو ہندوستان کی آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024ء میں فتح کے بعد فارمیٹ سے دور ہوگئے تھے، 276 رنز کے ساتھ فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ 
ابھیشیک کا ایشیا کپ 2025ء میں نسبتاً پرسکون آغاز تھا کیونکہ اس نے متحدہ عرب امارات، پاکستان اور عمان کے خلاف ہندوستان کے گروپ مرحلے کے میچوں میں بالترتیب 30، 31 اور 38 کے سکور بنائے تھے۔

 
بائیں ہاتھ کے بلے باز نے ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں فارم حاصل کی اور ہندوستان کے تینوں میچوں میں نصف سنچریاں اسکور کیں۔ 
انہوں نے 21 ستمبر کو روایتی حریف پاکستان کے خلاف 74 رنز کی اننگز کھیلی اور اس کے بعد اتنے ہی متاثر کن 75 رنز بنائے جو ایشیا کپ 2025ء میں اب تک ان کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ 
بالآخر سری لنکا کے خلاف ان کی 61 رنز کی اننگز نے انہیں ٹی ٹونٹی ایشیا کپ میں 300 رنز کا سنگ میل عبور کرنے والا پہلا بلے باز بنا دیا۔ 
واضح رہے کہ ایشیا کپ کا فائنل اتوار کو پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات