خواجہ آصف اور دفترخارجہ کا اقوام متحدہ اجلاس میں شریک شمع جونیجو سے اظہارِ لاتعلقی

اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل اجلاس میں خاتون صحافی کو وزیردفاع خواجہ آصف کے پیچھے بیٹھے دیکھا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 27 ستمبر 2025 11:05

خواجہ آصف اور دفترخارجہ کا اقوام متحدہ اجلاس میں شریک شمع جونیجو سے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 ستمبر2025ء ) وزیر دفاع خواجہ آصف اور دفترخارجہ نے اقوام متحدہ اجلاس میں شریک خاتون صحافی شمع جونیجو سے اظہارِ لاعلمی کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل اجلاس میں خاتون صحافی شمع جونیجو کو وزیردفاع خواجہ آصف کے پیچھے بیٹھے دیکھا گیا جس پر نئی بحث شروع ہوئی تو وزیر دفاع نے اپنے بیان میں جواب دیا کہ وزیر اعظم اپنی مصروفیت کے باعث اجلاس میں تقریر نہ کرسکے، اس لیے میں نے بطور وزیر دفاع پاکستان کی نمائندگی کی، تاہم یہ خاتون کون ہیں؟ کیوں وفد کا حصہ ہیں اور انہیں میرے پیچھے کیوں بٹھایا گیا؟ ان سوالات کے جواب صرف دفتر خارجہ دے سکتا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ فلسطین کے ساتھ میری کمٹمنٹ ذاتی اور جذباتی ہے، میرے فلسطین کے ساتھ تعلقات ساٹھ سال پر محیط ہیں، ابو ظہبی بینک میں کام کے دوران میرے فلسطینی دوست بنے اور آج بھی ان کے ساتھ تعلق قائم ہے، اسرائیل اور صیہونیت کے بارے میں میرے خیالات نفرت کے سوا کچھ نہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح دفتر خارجہ نے بھی شمع جونیجو سے لاتعلقی کا اظہار کیا اور جاری بیان میں کہا گیا کہ وزارتِ خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے حالیہ اجلاس میں وزیر دفاع کے پیچھے ایک خاتون کی نشست کے حوالے سے اُٹھنے والے سوالات کا نوٹس لیا ہے، متعلقہ خاتون کا نام پاکستان کے وفد کے لیے 80ویں جنرل اسمبلی اجلاس کے اس سرٹیفکیٹ میں شامل نہیں تھا جس پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے دستخط کیے تھے لہٰذا وزیر دفاع کے پیچھے ان کی نشست کو نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کی منظوری حاصل نہیں تھی۔

خیال رہے کہ شمع جونیجو ایک برطانوی نژاد پاکستانی تجزیہ کار، صحافی اور وکیل ہیں جو اکثر متنازعہ رہی ہیں، جن میں ایک وجہ یہ ہے کہ شمع جونیجو ماضی میں اسرائیل کے حق میں بیانات دیتی رہی ہیں۔