Live Updates

ایشیاء کپ : پاک، بھارت فائنل سے قبل اہم خبر، ٹکٹوں کی فروخت پر زبردست آفر لگ گئی

ٹورنامنٹ کا انعقاد ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 27 ستمبر 2025 11:31

ایشیاء کپ : پاک، بھارت فائنل سے قبل اہم خبر، ٹکٹوں کی فروخت پر زبردست ..
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 ستمبر 2025ء ) ایشیاء کپ میں پاکستان اور بھارت تیسری بار آمنے سامنے آنے کیلئے تیار ہیں۔ ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار، 28 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ 
سیاسی کشیدگی کے باوجود دونوں ممالک کے کرکٹ شائقین بڑے مقابلے کیلئے بےتاب ہیں اور بڑی تعداد میں ٹکٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

خلیج ٹائمز کے مطابق فائنل مقابلے کے لیے میچ کے ٹکٹوں کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے اور جمعہ، 26 ستمبر تک پلاٹینم لسٹ کی ویب سائٹ پر ہائی سٹینڈ کے ٹکٹ 350 درہم میں دستیاب ہیں، جبکہ ہاسپیٹیلٹی پاسز کی قیمت 1500 درہم سے شروع ہو رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق منتظمین نے ایک پروموشن سکیم کا اعلان بھی کیا ہے جس کے تحت شائقین 3 پریمیم ٹکٹ 2 کی قیمت میں حاصل کر سکتے ہیں یعنی 2 ٹکٹ خریدیں، ایک مفت پائیں کی پیشکش سے فائدہ اٹھا سکیں گے، تاکہ آخری لمحات میں بھی زیادہ سے زیادہ لوگ اس یادگار مقابلے کا حصہ بن سکیں۔

(جاری ہے)

 
ایشیاء کپ 2025 کا انعقاد ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں جبکہ ان کشیدہ حالات کا اثر کرکٹ کے میدان میں بھی دیکھنے کو ملا ہے۔ 
دونوں ٹیموں کے ابتدائی 2 میچوں میں کھلاڑیوں نے میچ کے بعد مصافحہ کرنے سے انکار کیا تھا۔ 
پہلے میچ میں بھارتی کپتان سوریا کمار یادو پر سیاسی بات کرنے کا الزام لگا، جبکہ دوسرے میچ میں پاکستانی اوپنر صاحبزادہ فرحان اور فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو جارحانہ انداز میں جشن منانے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

 
ان تمام تنازعات کے باوجود قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کھلاڑیوں کو کرکٹ پر توجہ دیں، کی تلقین کی ہے۔ 
موجودہ فارم اور اعداد و شمار کو دیکھا جائے تو بھارت فائنل میں فیورٹ ہے۔ بھارت اس وقت آئی سی سی رینکنگ میں بھی سرفہرست ہے۔ 
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کے میچز میں بھارت کا پلڑا بھاری رہا ہے۔ پہلے میچ میں پاکستان نے صرف 127 رنز پر 9 وکٹیں گنوائیں تھیں، جس کا بھارت نے 3 وکٹوں کے نقصان پر آسانی سے تعاقب کیا تھا۔

 
دوسرے میچ میں پاکستان کی کارکردگی بہتر رہی، تاہم وہ پھر بھی 6 وکٹوں سے شکست سے نہ بچ سکا۔ 
کوچ مائیک ہیسن نے اعتراف کیا کہ بھارت کو ہرانا آسان نہیں ہوگا۔ ان کے بقول ہمیں بھارت کو زیادہ دیر تک دباؤ میں رکھنا ہوگا کیوں کہ وہ دنیا کی نمبر ون ٹیم ہے اور یہی ہمارا اصل چیلنج ہے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات