سونا مزید مہنگا ہوگیا، نئی قیمت 3 لاکھ 97 ہزار 700 کی سطح پر پہنچ گئی

ملک میں آج سونے کی قیمت میں ایک ہزار 900 روپے کا اضافہ ہوا، پچھلے ایک ماہ میں سونے کے نرخوں میں 31 ہزار روپے سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 27 ستمبر 2025 18:54

سونا مزید مہنگا ہوگیا، نئی قیمت 3 لاکھ 97 ہزار 700 کی سطح پر پہنچ گئی
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 27 ستمبر 2025ء ) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ بڑھنے پر پاکستان میں بھی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمت بڑھ گئی ہے۔ بڑے اضافے کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

آج ملک کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونا ایک ہزار 900 روپے مہنگا ہوا ہے، جس کے باعث فی تولہ سونے کی نئی قیمت بڑھ کر3 لاکھ 97 ہزار 700 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت میں ایک ہزار 629 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

نئی قیمت 3 لاکھ 40 ہزار 963 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ یاد رہے ایک ماہ پہلے 24 قیراط سونے کی قیمت تقریباً 3 لاکھ 59 ہزار روپے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی تھی۔

لیکن پچھلے ایک ماہ میں سونے کے نرخوں میں 31 ہزار روپے سے زائد بڑھ گئے ہیں۔ اسی طرح عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 19ڈالر کے اضافے کے ساتھ نئی قیمت 3 ہزار 759ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب مالی سال 2024-25 میں پاکستان کی وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ ساتھ افغانستان اور آذربائیجان کے ساتھ دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو بڑھ کر 2.41 ارب ڈالر کی بلند سطح تک پہنچ گئی ہے۔

ویلتھ پاکستان کو موصول دستاویزات کے مطابق گزشتہ مالی سال 2023-24 میں یہ حجم 1.92 ارب ڈالر تھا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خطے میں معاشی روابط ایک مرتبہ پھر تیزی پکڑ رہے ہیں اور پاکستان کی برآمدات اور درآمدات میں نئی جان پڑ رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025 میں پاکستان کی ان ممالک کو برآمدات بڑھ کر 1.77 ارب ڈالر تک جا پہنچی ہیں جبکہ ان ممالک سے درآمدات 641 ملین ڈالر رہیں۔ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں یہ اضافہ واضح ہے، جب برآمدات 1.34 ارب ڈالر اور درآمدات 581 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔