ڈمپر مافیا اور ناقص انتظامات سے زندگی اجیرن بن چکی، 600 سے زائد جانیں ڈمپر مافیا کے ہاتھوں ضائع ہو چکی ہیں ، حیدرعباس رضوی

ہفتہ 27 ستمبر 2025 21:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 ستمبر2025ء) ایم کیو ایم رہنماوں نے کہا ہے کہ کراچی میں ڈمپر مافیا اور ناقص انتظامات کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے، 600 سے زائد جانیں ڈمپر مافیا کے ہاتھوں ضائع ہو چکی ہیں ، ہیوی ٹریفک شہریوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بنی ہوئی ہے۔ ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی اور معروف انسانی حقوق کے وکیل طارق منصور نے شہر قائد کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سالوں میں کراچی میں 600 سے زائد جانیں ڈمپر مافیا کے ہاتھوں ضائع ہو چکی ہیں اور بارشوں کے دوران شہر مکمل طور پر پانی میں ڈوب گیا۔

انہوں نے سندھ حکومت پر زور دیا کہ وہ کراچی اسٹریٹیجک ماسٹر پلان کے مطابق فوری اقدامات کرے جسے 2007 میں وفاقی اور صوبائی اداروں کے تعاون سے منظور کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

لیکن حکومت نے اس پلان کو نظر انداز کر دیا ہے۔ کراچی کی سڑکوں کا ناقابلِ استعمال ہونا، پانی کی کمی، گٹر کی صفائی نہ ہونا اور شہریوں کی بنیادی سہولیات کا فقدان اس بدترین انتظامی ناکامی کی عکاسی ہے۔

حیدر عباس رضوی نے مطالبہ کیا کہ وفاق اور صوبائی حکومت فوری طور پر ماسٹر پلان پر عمل درآمد یقینی بنائے اور اس حوالے سے اعلیٰ سطح پر انکوائری کرائی جائے تاکہ شہر کے شہریوں کو ان کا حق دیا جا سکے۔ انسانی حقوق کے وکیل طارق منصور نے کہا کہ کراچی کے لیے نئے ماسٹر پلان کی تیاری ایک سازش ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اپنے خلاف دھمکیوں پر بھی حکومت سے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔