کے الیکٹرک کی طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہی:پاسبان

ہفتہ 27 ستمبر 2025 19:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2025ء)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے اورنگی ٹان،الجنت چوک پر کے الیکٹرک کی طویل اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف ہونے والے مظاہرے میں شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں کے الیکٹرک کی جانب سے آٹھ سے دس گھنٹوں تک جاری رہنے والی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

شدید گرمی، پانی کی قلت اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹ کے باعث عوام شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔کے الیکٹرک کی ناقص منصوبہ بندی، غیرمنصفانہ لوڈشیڈنگ شیڈول اوراس سب پر سندھ حکومت کی مجرمانہ خاموشی نے کراچی جیسے میٹروپولیٹن شہر کو اندھیرے میں دھکیل دیا ہے۔

(جاری ہے)

تعلیمی ادارے، اسپتال، دفاتر اور صنعتیں بھی شدید متاثر ہو رہی ہیں۔

دریں اثنا پی ڈی پی، اورنگی ٹان کے رہنما قیوم شعبان،آفتاب محمد،ظفر اقبال، کلیم اللہ،جاوید ملک اور اقبال چنگ چی نے کے ای کے کنزیومر سینٹرز کی ناقص کارکردگی اور عملہ کے ناروا رویے کی مذمت کرتے ہوئے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ حکومت گھنٹوں کے حساب سے ہونے والی لوڈ شیڈنگ کا فوری نوٹس لے اور کے الیکٹرک کو جوابدہ بنائے۔ کے ای کا عملہ کنڈہ مافیاں کی سرپرستی بند کرے۔

وفاقی حکومت بھی اس مسئلے پر سنجیدگی سے اقدامات کرے تاکہ کراچی کے عوام کو اس عذاب سے نجات دلائی جا سکے۔شہریوں کا صبر اب جواب دے چکا ہے، اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔ مظاہرے میں پی ڈی پی اورنگی ٹان کے ورکرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور کے ای کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔