وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر احسان افضل خان کی دورہ بنگلہ دیش کے دوران اعلیٰ سطحی ملاقاتیں،مضبوط اقتصادی شراکت داری قائم کرنے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ

ہفتہ 27 ستمبر 2025 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت احسان افضل خان نے دورہ بنگلہ دیش کے دوران دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے چیمبرز، کاروباری اداروں اور مالیاتی اداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق ڈھاکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام مشترکہ طور پر نیٹ ورکنگ سیشن کے دوران انہوں نے ڈھاکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر تسکین احمد اور بورڈ کے اراکین سے ملاقات کی،بات چیت کے دوران دواسازی، آٹوموٹیو اور معدنیات کے مواقع کو کھولنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

دونوں فریقوں نے جامع کاروباری ماحول کی ضرورت پر زور دیا اور پاکستان کے وزیر تجارت کے دورے کے دوران شروع کیے گئے اقدامات کی پیروی کی۔

(جاری ہے)

ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن میں چارج ڈی افیئرز محمد واصف کی طرف سے دیئے گئے عشائیے میں احسان افضل خان نے میٹروپولیٹن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، بنگلہ دیش نیٹ ویئر مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن، بنگلہ دیش گارمنٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور دیگر تجارتی اداروں کے سینئر نمائندوں سے بات چیت کی۔

بات چیت تجارت اور سرمایہ کاری میں باہمی تعاون کو فروغ دینے اور نجی شعبے کے مضبوط روابط کی حوصلہ افزائی پر مرکوز تھی۔انہوں نے نیشنل بینک آف پاکستان کی ڈھاکہ برانچ کا بھی دورہ کیاجہاں انہوں نے کنٹری ڈائریکٹر محمد قمر الزمان اور ڈپٹی جنرل منیجر جواد رضا نقوی کے ساتھ بینکنگ سیکٹر میں تعاون اور کاروبار کے لیے آپریشنل سپورٹ پر تبادلہ خیال کیا۔

دورے کے دوران احسان افضل خان نے بنگلہ دیشی اور پاکستانی فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے درمیان تعاون کے ممکنہ شعبوں کا جائزہ لیا۔اپنے دورے کے اختتام پر احسان افضل خان نے میڈ ان پاکستان نمائش کی تقسیم اسناد کی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے پاکستانی مصنوعات کی نمائش پر نمائش کنندگان اور پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزیبیشن انڈسٹری کی تعریف کی، بنگلہ دیشی حکومت کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کراچی میں پاکستان کی آئندہ فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش میں باہمی شرکت کی دعوت دی۔اس دورے نے بنگلہ دیش کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور شعبہ جاتی تعاون میں مضبوط اقتصادی شراکت داری قائم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔